حکومت کشمیر کے معاملے پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹے ‘چیئرمین تنظیم آزاد ی کشمیر

قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کی حریت رہنماؤں سے ملاقات نہ کرنے کے بھارتی موقف کو مسترد کرنے پر قائم رہا جائے‘ طارق بٹ

جمعہ 21 اگست 2015 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) چیئرمین تنظیم آزاد ی کشمیر کے چیئرمین طارق بٹ نے کہا ہے کہ کشمیر ی پاکستان پر اپنی جان چھڑکتے ہیں اس لئے پاکستانی حکومت کشمیر کے معاملے پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹے ،پاکستان قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کی حریت رہنماؤں سے ملاقات نہ کرنے کے بھارتی موقف کو مسترد کرنے پر قائم رہے ، کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کے باوجود بھارتی فوج کے مظالم سے پوری دنیا میں بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، پاکستانی حکام کو حریت رہنماؤں سے ملاقات سے روکنا سمجھ سے بالا تر ہے اور اس سے جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹنے والے بھارت کا سیاہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد پوری دنیا میں پذیرائی حاصل کر رہی ہے پاکستان اب بھارت کے سامنے لچک یا کمزوری کا مظاہرہ نہ کرے ۔

ا نہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں اور اگر حکومت نے بھارت کے سامنے کوئی کمزوری دکھائی تو اس کے خلاف بڑے احتجاج کا اعلان کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اپنی گرتی ہوئی ساکھ بجانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے پاکستانی سفارتی سطح پر کردار ادا کر کے بھارت کے بھیانک چہرے کا نقاب الٹے ۔انہوں نے کہا کہ تنظیم آزاد ی کشمیر پوری دنیا کے کشمیریوں سے رابطے میں ہے اور اس حوالے سے جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :