واپڈا اور حکومت آزاد کشمیر متاثرین منگلا ڈیم نیو سٹی کے مکینوں کو سوئی گیس کی فراہمی کے وعدہ پر فی الفور عملدرآمد کریں

متاثرین منگلا ڈیم نیو سٹی

اتوار 23 اگست 2015 16:26

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اگست۔2015ء) واپڈا پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر متاثرین منگلا ڈیم نیو سٹی کے مکینوں کو سوئی گیس کی فراہمی کے وعدہ پر فی الفور عملدرآمد کریں ذیلی کنبہ جات کی بحالی آباد کاری متاثرین کے زیر التوا ء کمیٹی کیسز کے فیصلہ جات نیو سٹی میں تعمیر و ترقی کے کاموں پر توجہ دی جائے بے روز گاری اور معاشی بد حالی سے متاثرہ متاثرین منگلا ڈیم کے پڑھے لکھے بے روز گار نوجوانوں کو روزگار فراہم کر کے وزیراعظم اپنے وعدوں کی تکمیل کریں ان خیالات کا اظہار متاثرین منگلاڈیم نیوسٹی کے زیر اہتمام سیکٹر Fمیں توسیع رابط کمیٹی کے ممبر چوہدری محمد صغیر کی رہائش گاہ پر متاثرین کے مسائل اور مشکلات پر منعقدہ کارنر میٹنگ سے چیئرمین توسیعی رابطہ کمیٹی محمد اعظم خان سیکرٹری جنرل سردار رشید جمال، سیکرٹری نشرواشاعت ایکشن کمیٹی راجہ ظفر اقبال، چوہدری محمد صغیر ، محمد ضمیر ، اورنگزیب ، راجہ جاوید اقبال شنکر، حاجی راجہ محمد عارف خان، سید طالب حسین شاہ، اظہر اقبال ، محمد امین چوہان ، حاجی محمد مقصود اور راجہ طارق اعظم نے کیا اپنے اپنے خطاب میں ان رہنماؤں نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم1210نے منگلا ڈیم توسیع منصوبہ کی تعمیر کے لیے بڑے نازک حالات میں مملکت خداداد پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہر اول دستہ کا کردار انجام دیا ۔

(جاری ہے)

متاثرین سے ابتدا میں کیے گئے وعدوں پر نا ہی واپڈا اور نا ہی حکومت آزاد کشمیر نے عمل کیا انخلاء کے بعد متاثرین منگلا ڈیم مہاجرین جموں وکشمیر نیوسٹی کے حلقوں میں شدید معاشی بد حالی نے ڈیرے ڈال دیے ہیں متاثرین ایک اذیت ناک عمل سے گزر رہے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں نیو سٹی کی ناقص تعمیر کی وجہ سے نیوسٹی اس وقت گھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے نیوسٹی کی سیوریج مکمل طور پر تباہ و برباد ہو چکی ہے جس کی وجہ سے نیوسٹی میں بے شمار بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے بڑے نکاسی آب کے نالوں کی عدم تعمیر کی وجہ سے متاثرین کے مکانات میں بارشی پانی کی وجہ سے خطر ناک کریک آگے ہیں اور یہ مکانات کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتے ہیں ان رہنماؤں نے کہا کہ متعدد بار تعریری طور پر اور وفود کی شکل میں ملاقات کر کے اس خطر ناک صورت حال سے متعلقہ اداروں کو اگاہ کر چکے ہیں لیکن حسب روایت وعدے تو ہو رہے ہیں لیکن عمل کا نام و نشان نہیں متعلقہ اداروں کی بے حسی تاخیری حربوں اور طفل تسلیوں کی افسوس ناک پالیسی جاری ہے اور ایسی صورت حال کسی بھی وقت خطرناک ماحول کی جانب بڑھ سکتی ہے جو میرپور کی پر امن فضا کو خراب کر سکتی ہے ان رہنماوں نے مزید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سوئی گیس کی فراہمی ، ذیلی کنبہ جات کی بحالی و آباد کاری ، کمیٹی کیسز کے فیصلہ جات اور نیوسٹی کے تعمیر و ترقی کے کاموں پر توجہ دے کر موجودہ بے چین صورت حال کو ختم کرنے میں کردار ادا کرے۔

نیوسٹی گرلز مڈل اور بوئز مڈل سکولوں کو اپ گریڈ کر نے گرلز ہائی سکول نیوسٹی میں سائنس ٹیچر کی فوری تعیناتی نیو سٹی گرلز اور بوائز کالجز کے اعلانات پر عملدرآمد کرنے وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے 2011میں متاثرین منگلاڈیم 1210کے لیے پر کشش ریلف پیکج کی فراہمی کا وعدہ پورا کریں تاکہ نیوسٹی کے اند ر واپڈاکی جانب سے متاثرین منگلاڈیم 1210کو کم معاوضہ ملنے کی وجہ سے ان کے کھڑکیوں دروازوں سے محروم نا مکمل گھروں کو مکمل کیا جا سکے ان رہنماوں نے مزید کہا کہ نیوسٹی کے اندر پبلک پارکس اور سٹیڈیم کی تعمیر ، بھنس کالونی کے لیے جگہ مختص کرنے اور سبزی منڈی کے قیام کے اقدامات کیے جائیں۔

آخر میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی ، مسلح افواج پاکستان کی دفاع وطن کے لیے جاری ضرب عضب کی کامیابی ، تحریک آزاد کشمیر اور متاثرین منگلاڈیم کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔