کسی خانزادے کا بیٹانہیں ریاست کے عوام اس کے مالک ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر

ظالموں کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا،عوامی عدالت میں تکبراور غرور کی بنیادپرنہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پرجائیں گے، عوام ہماری کارکردگی کے باعث پیپلزپارٹی کے امیدوار کوکامیاب کریں گے،ذوالفقارعلی بھٹو نے ملک کوناقابل تسخیربنایا،چودھری عبدالمجید کاتقریب سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 17:05

ڈڈیال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ میں گڑھی خدابخش کا مجاورہوں کسی کسینے کا مجاورنہیں ہوں شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، قادیانیوں کو غیرمسلم قراردیااور پاکستان کو ایٹمی قوت بناکرملک کے دفاع کوناقابل تسخیربنایا۔ ہم شہداء کربلا کا علم اٹھائے ہوئے ہیں میں کسی خانزادے کا بیٹانہیں ریاست کے عوام اس کے مالک ہیں اور میں عوام چوکیدارہوں۔

ظالموں کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا،عوامی عدالت میں تکبراور غرور کی بنیادپرنہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پرجائیں گے، عوام ہماری کارکردگی کے باعث پیپلزپارٹی کے امیدوار کوکامیاب کریں گے۔ میرپورڈویژن کی 12 کی 12 سیٹیں پیپلزپارٹی کی ہونگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ میری کوشش ہے کہ آزادخطہ میں ایسے معاشرے کا قیام ہوجہاں غریب اور بے بس لوگوں کوفوری انصاف ملے اور خطہ کے کسی بھی فرد کے ساتھ برادری یاعلاقے کی بنیاد پرامتیازی سلوک نہ ہو۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے آزادجموں وکشمیربارکونسل کے سابق صدر وممتاز قانون دان چوہدری محمدانورایڈووکیٹ کی طرف سے دیئے گئے عصرانہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت چوہدری محمدانورایڈووکیٹ نے کی جبکہ تقریب سے وزیراوقاف ومذہبی امورچوہدری افسرشاہد، وزیرہائیر ایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی، مشیرحکومت شوکت علی راجہ ایڈووکیٹ، وزارت اوقاف کے پبلک ریلیشن آفیسر عبدالشاہدچوہدری، پیپلزپارٹی سٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری فریدانورایڈووکیٹ، ڈاکٹرحافظ بابر عظیم، حافظ وقاراختر، باسط علی سمیت دیگر افراد نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل میرپورچوہدری مشتاق احمد، ڈپٹی کمشنر چوہدری محمدطارق، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، اسسٹنٹ کمشنرچوہدری محمدایوب، صدربارندیم کیانی، ، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی خواجہ محمدنذیر، چوہدری عبدالرحمان نشتر،سابق میئربرطانیہ چوہدری کرم حسین، چوہدری محمود پلاکوی ایڈووکیٹ، وزیراعظم کے اے پی ایس او چوہدری امجداقبال، وزیراعظم کے میڈیاایڈوائزرچوہدری یاسرممتاز، وزیراعظم کے سٹاف آفیسرچوہدری محمودعلی، ڈاکٹرندیم اکبر، چوہدری نواز، چوہدری سائیں ایڈووکیٹ، چوہدری محمدایوب ایڈووکیٹ، چوہدری نصیرایڈووکیٹ، چوہدری غلام شبیرایڈووکیٹ ، چوہدری وقاص اخترایڈووکیٹ، حاجی محمدعظیم، چوہدری منشی، چوہدری تصدق، چوہدری عارف، چوہدری شرافت عزیز، چوہدری اختر، طاہرگجر، عماد تصدق، ہارون وحید، فرخ منیر چوہدری صفدر ،چوہدری بابو ،شاہین رفیق کے علاوہ پیپلزپارٹی ، پی ایس ایف، پی وائی او اورمعززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

قبل ازیں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید جب پنڈال میں پہنچے تو ان کا بینڈباجوں کے ہمراہ والہانہ پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم پرگل پاشی کی گئی اور انھیں ہارپہنائے گئے اس موقع پر جیالوں نے زبردست نعرہ بازی کی۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ منڈی میرادوسراگھرہے۔ ڈڈیال کی زمین بڑی زرخیز ہے۔ یہاں سے تحریک آزادی کشمیراورسیاست کے بڑے نام پیداہوئے ۔

انھوں نے کہاکہ وزیراوقاف چوہدری افسرشاہد نے جس طرح یہاں پیپلزپارٹی کے علم کو بلند کیااور گذشتہ4 سالوں میں یہاں تعمیروترقی کی اس سے نہ صرف ڈڈیال تعمیروترقی کے لحاظ سے خوشحالی کی طرف آگے بڑھ رہاہے۔ڈڈیال کے عوام کے لیے تمام ضروریات پوری کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ میرے پاس کرسی عوام کی امانت ہے۔ عوامی خدمت کے لیے میں نے دن رات وزیراعظم ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھول رکھے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ دھان گلی میرپورسڑک خوبصورت اور بین الاقوامی طرز کی بنائیں گے۔ ڈڈیال میں کمیونٹی سنٹر، سپورٹس اسٹیڈیم، پبلک پارکس بھی بنائیں گے اور ڈڈیال کومذیدرابطہ سڑکیں بھی دیں گے۔انھوں نے کہاکہ آج پاکستان کوجن اندرونی وبیرونی چیلنجوں کاسامناہے اس سے ملک کونکالنے کے لیے ہمیں اپنے تمام اختلافات کوختم کرکے متحد ومنظم ہوناہوگاتب جاکردہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن اوربھارت کے جنونی حکمرانوں کے عزائم کوخاک میں ملایاجاسکتاہے۔

انھوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے مسئلہ کشمیرپرجراتمندانہ موقف سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کشمیری مسلح افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی طرح کھڑے ہیں اورکسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انھوں نے 1965 کی جنگ سمیت شہداء پاکستان وشہداء کشمیرکے کارناموں کوزبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیرکے بغیرپاکستان نامکمل ہے۔

متعلقہ عنوان :