کرپشن معاشی دہشتگردی‘ عسکری دہشتگردی سے زیادہ خطرناک ہے‘چوہدری صبور احمد

آزادکشمیر کے اندر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی‘ احتساب بیورو‘ انٹی کرپشن برائے نام ادارے‘ کسی بھی بڑے مگر مچھ پر ہاتھ نہیں ڈالاگیا

اتوار 13 ستمبر 2015 14:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما چوہدری صبور احمد نے کہا ہے کہ کرپشن معاشی دہشتگردی‘ عسکری دہشتگردی سے زیادہ خطرناک ہے۔ آزادکشمیر کے اندر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی‘ احتساب بیورو‘ انٹی کرپشن برائے نام ادارے‘ کسی بھی بڑے مگر مچھ پر ہاتھ نہیں ڈالاگیا۔احتساب کیلئے بنائے جانیوالے اداروں کو برائے نام نہ رکھا جائے یہ قوم کیساتھ ایک مذاق ہے۔

گزشتہ روز میڈیا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی طرز آپریشن پنجاب و آزادکشمیر میں ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا دفاع کسی صورت نہیں کرنا چاہیے‘ یہاں امیروں کو کرپشن کے لائسنس جاری ہیں ۔نام نہاد و انچارج نما لوگوں نے آزادکشمیر کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

ہر پارٹی کے اندر کالی بھیڑوں کو بے نقاب کیا جائے ‘ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری خزانے کو شیر مادر سمجھ کر لوٹا جارہا ہے جب تک ان کا کڑا احتساب نہیں ہوگا ‘ احتساب نما اداروں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

چوہدری صبور احمد کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اداروں کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے اور حکومت کو مثبت تجاویز دینی چاہئیں مگر یہاں کا باوا آدم ہی نرالا ہے۔ 60سالوں سے مفادات کیلئے خاموش معاہدے کیئے جاتے ہیں۔ دونوں طرف سے نقصان عوام کا ہوتا ہے۔ سرکاری خزانہ سے لوٹا گیا مال واپس خزانہ میں جمع ہونا چاہیے اور ایسے لوگوں کو سرعام چوکوں میں لٹکا کر سزا دی جائے جنہوں نے ریاستی خزانہ کو باپ کی جاگیر سمجھ کر لوٹا ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہونیوالی کرپشن ‘ کرنے والے یا کروانے والوں دونوں کیخلاف اُسی طرح کی کارروائی ہونی چاہیے جو اس وقت پاکستان میں ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو قوم کا اداروں سے اعتماد اٹھ جائیگا۔

متعلقہ عنوان :