سید علی گیلانی بھارت کے خلاف چٹان کی طرح کھڑے ہیں، حریت رہنماء شبیر احمدشاہ

جمعرات 17 ستمبر 2015 23:01

سری نگر ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں سینئر حریت رہنماء شبیر احمدشاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ انہیں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کی نڈر قیادت میں متحد ہوجانا چاہیے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ ہندو انتہا پسند قوتوں کی سازشوں کا جواب صرف سید علی گیلانی کو تقویت پہنچا کر ہی دی جاسکتی ہے ، جو ان سازشوں کے خلاف چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔

ادھر سید علی گیلانی نے سرینگر میں اپنے فورم کی مجلس شوریٰ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ مفتی محمدسعید کشمیریوں کے بڑے غدار ہیں جو مقبوضہ علاقے میں آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھاکر کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

امت اسلامی کے چیئرمین قاضی احمد یاسر نے عالمی برادری کی توجہ بڑے گوشت پر عائد پابندی کے بعد پیداہونے والی صورتحال اور بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربندکشمیریوں کو درپیش مشکلات کی طرف مبذول کرانے کیلئے عیدگاہ اسلام آباد میں بھوک ہڑتال شروع کی۔

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 2010ء کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداء کی قربانیوں کو ہر گزا رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔ سرینگر اور سوپور میں پولیس کے مظالم اور نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہروں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

اقوام متحدہ میں او آئی سی کے مستقل نمائندے سفیر سلیمان Checkنے جنیوا میں رکن ممالک کے مندوبین کے ایک اجلاس میں تنظیم کی طرف سے کشمیریوں کے اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا ۔جنیوا میں کشمیر یورپی یونین کی طرف سے انٹرنیشنل کونسل فار ہیومین ڈویلپمنٹ اور ورلڈ کشمیر دیس پورہ الائنس کے تعاون سے منعقدہ 8ویں کشمیریورپی یونین ہفتہ کے شرکا نے محکوم کشمیریوں کی حمایت کا عزم ظاہر کیا ہے۔اس موقع پر علی رضا سید نے کہا ہے کہ پیر کو شروع ہونے والاکشمیری یورپی یونین ہفتہ کل جمعہ تک جاری رہے گا ۔