کشمیرمیں رائے شماری کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے مطالبے کا خیرمقدم

بدھ 30 ستمبر 2015 15:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماء اور جموں و کشمیر انصاف پارٹی کے چیئرمین غلام احمد گلزار نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف سے نیویارک کے دورے کے دوران کشمیر میں رائے شماری کرانے کے مطالبے کو حق بجانب قراردیاہے۔ غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ نواز شریف اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے نیویارک کے دورے پر ہیں اور کشمیر میں رائے شماری کرانے کا انکامطالبہ پاکستان کی بے لاگ کشمیر پالیسی کا آئینہ دار ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان آئندہ بھی اس پالیسی پرعمل درآمد جاری رکھے گا اور بھارت کی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی کا جواب مضبوط اور ذمہ دار ایٹمی طاقت کی حیثیت سے مسلمہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی ہمدردی کے اعلیٰ اصولوں سے ہی دیتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی اور دیگر حریت قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں اورنظربندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری مسلمانوں کو اپنے مذہبی تہوار کے موقع پر عبادت اور قربانی پر پابندی عائد کردینا انسانی اور مذہبی حقوق کی سریحاً خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا بھارت نے جموں وکشمیر کے عوام کا قافیہ حیات تنگ کرنے کے لیے پوری ریاست جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھاوٴنی میں تبدیل کردیا ہے، جہاں دوران حراست قتل ، نظربندوں کو بدترین جسمانی تشدد کا نشانہ بنانا اور قیدیوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا روز کا معمول بن گیا ہے۔ غلام گلزار نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں کو اس تشویش ناک صورتحال کا سخت نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :