ڈاکٹر جی ایم پیرزادہ مرحوم کی وفات سے خطہ کے لوگ عظیم معالج سے محروم ہوگئے ہیں،سلطان محمود چوہدری

مرحوم اپنے شعبہ میں یکتا تھے،کوئی ثانی نہیں تھا، معالج کیساتھ وہ نیک دل انسان بھی تھے، خراج تحسین پیش کرن۔ کا بہترین طریقہ ان کے نام سے میرپور میں فلاحی انسٹیٹیوٹ کا قیام ہے، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

اتوار 4 اکتوبر 2015 15:35

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ڈاکٹر جی ایم پیرزادہ مرحوم و مغفور کی وفات سے اس خطہ کے لوگ ایک عظیم معالج سے محروم ہوگئے ہیں۔ وہ اپنے شعبہ میں یکتا تھے۔ ان کا کوئی ثانی نہیں۔ اپنی فیلڈ میں اُن کی قابلیت مسلمہ تھی۔ ایک بہترین معالج کے ساتھ ساتھ وہ نیک دل انسان بھی تھے۔

انہوں نے اس شعبے کو دکھی انسانیت کی خدمت کے طور پراپنا رکھا تھا۔ وہ غریبوں کیلئے مسیحا تھے۔ نہ صرف غریبوں کا فری چیک اپ کرتے تھے بلکہ دوائی کیلئے پیسے بھی دیتے تھے۔ مرحوم کی خدمات کا پھیلاؤ پچاس سال تک محیط ہے۔ اُن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ میرپور میں اُن کے نام سے ایک فلاحی انسٹیٹیوٹ قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس کام کا آغاز ڈاکٹر معید پیرزادہ کریں میں اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ فلاحی ادارے کیلئے بین الاقوامی سطح پر فنڈ ریزنگ کروں گا۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر جی ایم پیرزا مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں صدارت کے فرائض جی ایم پیرزادہ کے بیٹے مشہور اینکر پرسن ڈاکٹر معید پیزادہ نے سرانجام دئیے۔

جبکہ میزبانی کے فرائض سابق چیئرمین ایم ڈی اے چودھری محمد صدیق نے سرانجام دئیے۔ تعزیتی ریفرنس میں نصیر احمد چودھری ایڈووکیٹ نے سٹیج سیکرٹری کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ تعزیتی ریفرنس سے سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ عبدالمجید ملک ،سابق چیئرمین ایم ڈی اے چودھری صدیق، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ مظفر علی، ڈاکٹر معید پیرزادہ، چودھری خالد رشید ایڈووکیٹ، ریاض عالم ایڈووکیٹ، راجہ مصدق خان، چودھری نعیم، ڈاکٹر آفتاب میر، ایوب مسلم، سید قمر حیات، ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر عبدالطیف، چودھری آفتاب، راجہ الیاس اور دیگر نے خطاب کیا۔

تمام مقررین نے اپنے اپنے خطابات میں ڈاکٹر جی ایم پیرزادہ کی خدمات کو بھرپور الفاظ میں بیان کیا۔ مقررین نے ڈاکٹر پیرزادہ مرحوم و مغفور کی وفات کو میرپور کے لوگوں کیلئے ایک سانحہ قرار دیا۔ سابق چیئرمین ایم ڈی چودھری محمد صدیق ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر جی ایم پیرزادہ مرحوم کی زندگی کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مولانا یوسف فاروقی نے پر سوز انداز میں مرحوم کیلئے دعا کی۔