آئندہ انتخابات میں کون حکومت بنائیگا، فیصلہ پی ٹی آئی، ن لیگ کے سربراہوں نے نہیں عوام نے کرنا ہے، چودھری پرویز اشرف

ن لیگ تین حصوں میں تقسیم ہے، پی ٹی آئی کو امیدوار نہیں مل رہا، عوامی عدالت میں وہی سروخرو ہوگا جس کی کارکردگی اچھی ہوگی، وزیر ہاؤسنگ آزاد کشمیر

اتوار 4 اکتوبر 2015 17:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) آزادکشمیر کے وزیرہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چودھری پرویزاشرف نے کہاہے کہ آمدہ انتخابات میں کون حکومت بنائے گا، فیصلہ مسلم لیک ن آزادکشمیر یا پی ٹی آئی آزادکشمیر کے سربراہوں نے نہیں بلکہ عوام نے کرنا ہے ، لیگ تین حصوں میں تقسیم ہے پی ٹی آئی کوامیدوار نہیں مل رہے ، مخالفین کومشورہ ہے کہ خیالی پلاؤ میں مصالحہ تیز رکھیں مگر اتنا خیال کریں کہ باضمیر خراب نہ ہوں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ عوامی عدالت میں وہی سرخروہوگا جس کی کارکردگی اچھی ہوگئی عوام 1947 سے 2015 تک کے عرصہ میں اچھی طرح جان چکے ہیں کہ عوام کے مال پر کس کس نے پروش پائی ،اور اس خطہ کے لوگوں کواپنی جاگیر سمجھا موجودہ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جبکہ ماضی میں کچھ لوگوں نے قومی خزانہ لوٹ کر اپنی دولت میں ریکارڈ اضافہ کیا گزشتہ چار سال میں ہم نے خطے کانقشہ تبدیل کیا۔

(جاری ہے)

صحت تعلیم، تعمیرات ، شاہرات پینے کے لیے صاف پانی ہماری خدمات کاواضح ثبوت ہیں 2016میں ایک بار پھر الیکشن جیت کر حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کامیابیاں زمین پر موجود ہیں جن کو دیکھ کر مخالفین کے ہوش اڑ جاتے ہیں اور وہ بے سرو پا بیانات دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہم نے چار سالوں کے دوران شدید مالی بحران کے باعث تعمیروترقی کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ، اور یہی وجہ ہے کہ مخالفین کو آئندہ انتخابات میں اپنی شکست سامنے نظر آرہی ہے اور بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں لیکن الیکشن میں عوام بہتر منصف ہیں اور وہ بہتر فیصلہ کرینگے ، پیپلزپارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ عوام کی خدمت کریگی ۔