بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزاد ی کشمیر کی کامیابی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، چوہدری محمد رشید

بدھ 21 اکتوبر 2015 22:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزاد ی کشمیر کی کامیابی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ مقبوضہ کشمیر کے ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لہو سے تحریک آزاد ی کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے ۔

اب دنیا کے سامنے ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان کو کشمیریوں کا پیدائشی حق حق خودارادیت دینا پڑے گا۔ اس موقع پر عالمی دنیاسے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان پر کشمیری عوام کا پیدائشی حق حق خودارادیت دینے کے لئے اپنا دباؤ بڑھائے۔ تقریری مقابلوں میں حصہ لینے والی طالبات اور ان کے اداروں کے سربراہان کو مبارکباد دیتا ہوں ، ان خیالات کا اظہار وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم تاسیس کے حوالہ سے منعقدہ انٹرگرلز ہائی سکول تقریری مقابلوں کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت سیکرٹری تعلیم سکولز راجہ عباس نے ، تقریب سے آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنگلات واکلاس فرحت علی میر ، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد زاہد خان عباسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ اس موقع پر سربراہان محکمہ جات ، ڈی اوز ، تعلیم کے سربراہان اور طالبات کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد رشید نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔

پاکستان کشمیریوں کی امیدوں اور امنگوں کا محور و مرکز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حیثیت سے ہم پر دوہری ذمہ داری عائد ہوئی ہے ۔ ہم کشمیر ی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ریاست کی حکومت وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں کشمیریوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ، انہوں نے کہا کہ ہر کشمیر یوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خطہ میں امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل انتہائی ضروری ہے ۔ چوہدری محمد رشید نے کہا کہ حلا ل ہی میں مقبوضہ کشمیر کی ہائی کورٹ کے فیصلہ کے مطابق کشمیر نہ تو بھارت کا حصہ رہا ہے اور نہ ہی ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہندوستان کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے کشمیریوں کو ان حق دے دینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں کسی صورت رائیگان نہیں جائیں گی ۔

آج کشمیر ی عوام بھارتی قابض افواج کا جس جرات اور بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور کشمیر ی ماؤں ، بہنوں اور بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزاد ی کی خاطر اپنی عصمتوں کی قربانی بھی دے دی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی درحقیقت تحریک تکمیل پاکستان ہے اس ویژن پر عمل کرتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ آخر میں وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے تقریری مقابلوں میں اول دوئم اور سوائم پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں نقد انعامات اور شیلڈ تقسیم کیں ۔ اس موقع پر تقریری مقابلوں میں حصہ لینے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :