اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں دوروز سے جاری بارش سے موسم سردہوگیا

پیر 26 اکتوبر 2015 11:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ دوروز سے جاری بارش سے موسم سردہوگیا ،وادی ناران اور کاغان میں برف باری میں پھنسی سوگاڑیوں کو نکال لیاگیا،سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کی وجہ سے امدادی کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا، وادی ناران کاغان میں غیر متوقع اورمعمول سے زیادہ برف باری سے شاہراہیں بند اور ہزاروں سیاح پھنس گئے ، کھانے کا سامان ختم ہوگیااورتفریح کی خوشیاں ماند پڑ گئیں،محکمہ موسمیات نے اسلام آبادسمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی ،مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان ڈویژن)، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال، بنوں، ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ،بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر جبکہ ملتان، ڈی جی خان، کوئٹہ، قلات ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔

متعلقہ عنوان :