حریت رہنماؤں ،آزادی پسند تنظیموں کی کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف کل مکمل ہڑتال کی اپیل

پیر 26 اکتوبر 2015 15:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) حریت رہنماء سید علی گیلانی کی زیر قیادت فورم،کل جماعتی حریت کانفرنس،جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ ،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی،متحدہ جہاد کونسل نے 27 اکتوبر کو تاریخ کشمیر کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کشمیریوں سے اس دن مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کی اپیل کی ہے جبکہ دختران ملت ،نیشنل فرنٹ ،سالویشن موومنٹ، مسلم کانفرنس،پیپلز فریڈم لیگ،لبریشن فرنٹ (آر) ، مسلم ڈیموکریٹک لیگ، اسلامک پولیٹکل پارٹی ، مسلم دینی محاذ،تحریک مزاحمت، کشمیر فریڈم فرنٹ اوردیگر تنظیموں نے ہڑتال کال کی مکمل حمایت کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق سید علی گیلانی کی زیرقیادت فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ 1947 میں اسی روز ایک گہری سازش کے تحت بھارت کی فوجیں کشمیر میں اتاری گئی تھیں اور تب سے لیکر آج تک جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں اور بھارت طاقت کے بل پرکشمیری عوام کو اپنے مطالبہ حق خود ارادیت سے باز رکھنے کیلئے تما م حربے آزماتی رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیاہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں یا پھر مسئلے کے تینوں فریقین یعنی بھارت ، پاکستان اور کشمیری عوام کے مابین جامع مذاکرات کے ذریعے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیاجائے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے اسی روز نے غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر ریاست جموں وکشمیر پر اپنا قبضہ جمایاتھا اور آج تک کشمیر پر اس کا فوجی قبضہ قائم ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے اور جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرائے۔ جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ یہ وہ سیاہ دن ہے جب بھارتی افواج نے طاقت کے بل پر جموں وکشمیر پر اپنا تسلط قائم کیا جو آج تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم آزادی حاصل کرنے کیلئے ہر قسم کی قربانی دیتے آئے ہیں اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سیدصلاح الدین نے 27اکتوبر کو برصغیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار د یتے ہوئے بھارت سے نفرت کا اظہار کرنے کیلئے اس روز مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ27اکتوبر1947کو بھارت نے جموں و کشمیر پر فوجیں اْتار کر قبضہ جمایا اور ایک امن پسند قوم کا بنیادی حق غصب کرکے اسے جبری غلامی میں مبتلا کردیا لیکن کشمیری قوم نے کبھی بھی اس فوجی قبضے کو قبول نہیں کیا ۔

متعلقہ عنوان :