وزیر مواصلات آزاد کشمیر کا اعلی افسران، فیلڈ سٹاف کے ہمراہ محکمہ شاہرات کے مختلف منصوبوں کا معائنہ، مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 2 نومبر 2015 17:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 نومبر۔2015ء) وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید کا محکمہ کے اعلیٰ آفیسران اور فیلڈ سٹاف کے ہمراہ محکمہ شاہرات کے مختلف جاری منصوبہ جات کا معائنہ،منصوبوں کو تصریحات کے مطابق مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے گزشتہ روز چیف انجینئر شاہرات (نارتھ) محمد شریف ڈار، مہتمم تعمیرات عامہ شاہرات ڈویژن ہٹیاں بالا سید نجم الحسن گیلانی،نائب مہتمم شاہرات چوہدری شوکت علی اور دیگر کے سٹاف کو ہمراہ رکھ کر جہلم ویلی سمیت یونین کونسل کائی منجہ میں محکمہ کے جاری منصوبہ جات کا معائنہ کیا۔

وزیر حکومت نے دریائے جہلم پر واقع کرولی پل اور اس کی اپروچ روڈز ،آر سی سی پل گڑھی دوپٹہ ، گڑھی دوپٹہ تا پٹھیالی روڈ ، پختگی بازار قصبہ ہٹیاں دوپٹہ ،بٹلیاں تا اورنیاں سراں روڈ ، درونی روڈ ، بٹ کنالہ روڈ، نکہ پلہوٹ روڈ ، آر سی سی پل ڈھاریاں بمعہ اپروچ روڈز ، دچھور میراں ڈھاریاں روڈ کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

معائنہ کے دوران محکمہ کے آفیسران نے منصوبہ بارے وزیر حکومت کو تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر حکومت نے بعض منصوبہ جات کی تعمیر میں سست روی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ موقع پر کام بروقت مکمل کیا جائے اور ان ہی کنٹریکٹرز کو کام الاٹ کیئے جائیں جو کام کو بروقت مکمل کریں۔ وزیر حکومت نے کہا کہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی سستی، لاپرواہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی سے حاصل کی جانے والی تنخواہ کو حلال کریں۔

اور دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے جاری منصوبہ جات کی مانیٹرنگ کا موثر انتظام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی کوئی عذر اور بہانہ قابل قبول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جو کنٹریکٹر کام کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے اور لعت و لعل سے کام لے رہے ہیں ان کے کنٹریکٹ منسوخ کرتے ہوئے منصوبے ری ٹینڈر کیئے جائیں۔

تاکہ سڑکات اور پل ہا کی تعمیر بروقت مکمل ہو کر عوام کو رسل و رسائل کی بہتر اور خاطر خواہ سہولیات میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ شاہرات کے کسی بھی منصوبہ کے جاری کام کی سست روی یا ناقص میٹریل کے استعمال کی شکایت موصول ہوئی تو محکمہ ذمہ دا ر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی محنت سے منصوبہ جات شروع کروائے ۔ یہ اگر مکمل نہ ہو سکے تو اس کی ذمہ داری بھی محکمہ پر عائد ہوگی۔

آفیسران کے پاس گاڑیوں سمیت جملہ سہولیات موجود ہیں۔ انہیں ہر وقت ہر منصوبہ پر چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ وہ ہرہفتہ از خود جاری منصوبہ جات کا معائنہ کریں گے۔ وزیر مواصلات چوہدری محمد رشید نے معائنہ کے دوران محکمہ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ بارشوں کے دوران خطرناک سلائیڈز ایریا میں فیلڈ عملہ اور مشینری کو 24گھنٹہ ہائی الرٹ رکھیں۔

متعلقہ عنوان :