ملین مارچ کے ذریعے دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا جائیگا،سید علی گیلانی

جمعہ 6 نومبر 2015 17:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 نومبر۔2015ء) حریت رہنماء سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ ملین مارچ کے ذریعے بھارتی حکمرانوں، ان کے مقامی ایجنٹوں اور پوری عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا جائیگا کہ کشمیری قوم بھارت کے فوجی تسلط کے آگے سرینڈر نہیں کریں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ملین مارچ ایک اہم اقدام اورایک تاریخی پروگرام ہے جسے ہر ضرورت کے وقت استعمال کیاجائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ ”ملین مارچ“ کے ذریعے اقوامِ عالم کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کے علاوہ یہ بھی باور کرایاجائیگا کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے اور اس کے مستقبل کے تعین کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے اور مقبوضہ علاقے میں بھارت کی حیثیت صرف غیر ملکی قابض کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مارچ کے ذریعے ان بھارتی آلہ کاروں کو بھی بے نقاب کیاجائیگا جنہوں نے اقتدار کی ہوس میں بھارتی تسلط کو دوام بخشنے کیلئے اسکے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملین مارچ ایک پرامن، باوقار، منظم اور سنجیدہ پروگرام ہو گا تاکہ اسے عالمی سطح پرزیادہ سے زیادہ پذیرائی اور حوصلہ افزائی مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 68برس کے دوران بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار دانستہ طورپر نہتے عوام پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کر کے انکی حق پر مبنی پر امن جدوجہد کو دبانے کیلئے تشدد کااستعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے پرامن اور منظم پروگراموں پر ظلم و جبر اور بربریت کا استعمال کیا جاتا ہے ۔انہوں نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کے مظالم اورانکی درندگی اور سفاکیت کا سخت نوٹس لے ۔سید علی گیلانی نے کہاکہ بھارتی حکمران جب بھی مقبوضہ علاقے میں اپنے آلہ کار ایجنٹوں کے ذریعے کوئی ریلی منعقد کرواتے ہیں تواس میں شرکت کیلئے سول وردی میں ملبوس اہلکاروں کو لایاجاتا ہے تاکہ عالمی برادری کو یہ تاثر دیکر گمراہ کیا جاسکے کہ کشمیری عوام نے بھارت کے غیر قانونی تسلط کو قبل کر لیا ۔

بزرگ رہنما نے کشمیری عوام سے کہاکہ کہ وہ”ملین مارچ“ پروگرام میں شرکت کیلئے پرامن اور منظم طورپرٹی آر سی گراؤنڈکی طرف مارچ کریں اور ”حسبنا اللہ ونعم الوکیل“ کاوردکریں اور ”ہم کیا چاہتے ہیں آزادی“ اور ”آزادی کا مطلب کیا لا الٰہ اللہ “ کے نعرے بلند کریں۔