نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر اپنے فیصلوں میں با اختیار ہے, فاروق حیدر خان، ہمارے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ ہم پوری قوت سے عوامی خدمت کا بیڑا ٹھائیں،تقریب سے خطاب

پیر 16 نومبر 2015 17:30

اسلام آباد۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر اپنے فیصلوں میں با اختیار ہے اورمقامی قیاد ت کی سفارشات کے مطابق ہی تمام فیصلے کیے جائیں گے میاں محمد نوا زشریف کشمیریوں سے محبت کرتے ہیں اور انہوں کبھی بھی ہماری کسی بات سے انکار نہیں کیا، ہمارے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ ہم پوری قوت سے عوامی خدمت کا بیڑا ٹھائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ غربی باغ کی معروف سیاسی شخصیات کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں باضابطہ شمولیت کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کے دوران کیامیاں محمد نوازشریف آزاد خطہ کی تعمیروترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ہمیں اس موقع سے بھرپور فائد ہ اٹھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

مشرف لیگ، چٹھہ لیگ اور سردار عتیق احمد خان کی مسلم کانفرنس کے درمیان اتحاد کی بازگشت سے عتیق احمدخان ریاستی جماعت اور تشخص کا جو ڈھنڈورہ پیٹتے ہیں اس کی حیثیت بے نقاب ہو گئی ہے۔

سردار عتیق احمد خان نے اپنی ایک بوٹی کیلئے مسلم کانفرنس جیسی پوری گائے زبح کر دی، ہم سب کا خمیر مسلم کانفرنس سے اٹھا ہے لیکن بدقسمتی سے مسلم کانفرنس کی باگ ڈور ایسے نا اہل شخص کے ہاتھوں میں چلی گئی جس نے اقربا پروری، کرپشن اور لوٹ مار سے جماعت کو تباہ کر دیا۔” عتیق خان کا ویژن، پیشاب سے بجلی پیدا ہو سکتی ہے، نیشنل کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ ہے اور مودی شیر کا بچہ ہے“ ایک صاحب 15سو لوگوں کیساتھ ملین مارچ کا ڈرامہ رچاتے ہیں پیسے کمانے کا عجب طریقہ ہے، عوام در در کی ٹھوکریں کھاتے پھر رہیں اور حکمران غریب عوام کے پیسے پر اسلام آباد میں عیاشیوں میں مصروف ہیں محکمہ زکوة ، لوکل گورنمنٹ، پی پی ایچ سمیت دیگر محکمے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کی حکومت قائم ہوتے ہیں سب سے پہلا کام بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروائیں گے تاکہ سیاسی کارکن کی قدر میں اضافہ ہو اور وہ لوکل باڈیز میں شامل ہو کر اپنے فیصلے خود کر سکیں اور ممبران اسمبلی مسائل کے حل اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے مناسب قانون سازی کریں اسمبلی فلور پر اپنے حلقہ میں عوام کو درپیش مسائل اجاگر کرتے ہوئے حقیقی معنوں میں اپنے حلقہ کی نمائندگی کا حق ادا کر سکیں۔

۔ تقریب سے سابق وزیر حکومت و پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات راجہ نثار احمد خان،راجہ افتخار ایوب، راجہ سجاد ایڈووکیٹ، راجہ اشراف،فیصل آزاد، سردار غضنفر عباسی، راجہ ارشد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر حکومت راجہ نثار احمد خان نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ آمدہ الیکشن میں ایسے اہل لوگوں کو اپنا نمائندہ منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجیں جو آپ کے مسائل پر بات کر سکیں۔

انہو ں نے کہا کہ عتیق احمدخان ایک نا اہل شخص ہے جس نے مسلم کانفرنس کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔ ہم نے مسلم کانفرنس سے کے پلیٹ فارم پر رہتے ہوئے کہیں بار اصلاح احوال کی کوششیں کی لیکن عتیق خان نے مسلم کانفرنس کو اپنی ہوس اقتدار کی بھینٹ چڑھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ غربی باغ میں دھیر کوٹ کے عو ام اور لیگی کارکنان آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کریں توکوئی وجہ نہیں کہ کامیابی ان کے قدم نہ چومے۔

راجہ نثار احمد خان نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر گڈ گورننس کے قیام اور عوامی حقوق کی بحالی کیلئے کام کر رہے ہیں انشاء اللہ بہت آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہو گی اور قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی مسائل ہونگے۔ سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ افتخار ایوب نے جماعت میں نئے شامل ہونے والوں کو مبار کباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے حلقہ غربی باغ میں مسلم لیگ(ن) کی قوت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربی باغ میں تمام نظریاتی لوگ مسلم لیگ(ن) کیساتھ ہیں اور آمدہ الیکشن میں دھیر کوٹ کے عوام عتیق خان جیسے نا اہل شخص سے آزاد کشمیر کے عوام کی جان ہمیشہ کیلئے چھڑا دیں گے۔راجہ سجاد خان ایڈووکیٹ جماعت میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی ویژن رکھنے والے تمام لوگ جوق در جوق مسلم لیگ(ن) میں شامل ہو رہے ہیں اور ہمیں کامل یقین ہے آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت میں کامیابی حاصل کرے گی اور ہم دھیر کوٹ کی نشست جیت کر قیادت کو تحفے میں دینگے۔

سردار غضنفر عباسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر سے مسلم لیگ(ن) میں لوگوں کا جوق در جوق شامل ہونا مسلم لیگ(ن) کی کامیاب پالیسیوں اور ویثرنری قیادت پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔نئے شامل ہونے والوں نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدر خان نڈر و بے باک آدمی ہیں ہم مسلم لیگ(ن)کی عوام دوست پالیسیوں سے متاثر ہو کر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہو ئے ہیں راجہ محمد فاروق حیدر خان واحد آدمی ہیں جو آزاد کشمیر کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلا سکتے ہیں ۔

مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں کیپٹن (ر) راجہ سلیم اقبال خان، راجہ میر حسین خان (ر) ڈپٹی اکاؤٹنٹ جنرل، عمر حیات ڈپٹی سیکرٹری (ر)، میجر(ر) جبار خان، راجہ الطاف افضل چیئرمین زکوٰة، راجہ آغا محمد خان، سردار سہیل شامل ہیں۔اس موقع پر ممبران قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر خان،چوہدری یٰسین گلشن، سابق وزیر حکومت حافظ احمد رضا قادری،سابق ممبر کشمیر کونسل سردار نسیم سرفراز، راجہ رزاق خان،سردار نوید صادق، راجہ عبدالحفیظ حفیظ خان، سردار منظر بشیر ایڈووکیٹ، ضلع باغ کے جنرل سیکرٹری خورشید عالم، پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات حاجی افتخار خادم، مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر امتیاز احمد بٹ، سعید انقلابی، جاوید شریف ایڈووکیٹ اور دیگر مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :