کشمیری مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے مودی کے دورہء برطانیہ کے دوران مودی کو دنیا کے سامنے ننگا کر دیا،یرسٹر سلطان محمود چوہدری

پیر 16 نومبر 2015 17:30

اسلام آبا د بریڈفورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 نومبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ کے لوگ بالخصوص کشمیری مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے مودی کے دورہء برطانیہ کے دوران مودی کو دنیا کے سامنے ننگا کر دیا اور اب عالمی برادری بھی کشمیریوں اور بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے مظالم و بربریت سے واقف ہو چکی ہے اور مسئلہ کشمیر اب عالمی منظر نامے پر اجاگر ہو چکا ہے۔

اس کا سارا کریڈٹ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کا جاتا ہے۔یہ مظاہرے گذشتہ سال لندن ملین مارچ سے شروع ہوئے اورپھر اقوام متحدہ کے سامنے نیویارک میں ملین مارچ پھرسرینگر اور اب یہاں ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ اور ویمبلے اسٹیڈیم میں ہوئے اور یہ تسلسل اب کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گااور اسی وجہ سے مسئلہ کشمیر اب ایک فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں بریڈ فورڈ میں کشمیر پی ٹی آئی کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب کی صدارت نارتھ زون کے آرگنائزر چوہدری مالک نے کی جبکہ استقبالیہ سے ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب، چوہدری ماجداسماعیل، ماجد علی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ کے لوگ بالعموم اور سیاسی جماعتوں کے لوگ بالخصوص مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے ایک جھنڈے ، ایک نعرے اور ایک مشن پر اتفاق رائے کرتے ہوئے ان مظاہروں کو کامیاب بنایا ۔

جبکہ اس دوران بعض بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے کشمیریوں کو تقسیم کرنے کی کوششیں بھی کی گئیں مگر کشمیریوں نے یہ ثابت کر دیا کہ کشمیریوں کے باہمی اختلافات جتنے بھی ہوں لیکن کشمیر کی آزادی کے نقطے پر سب متفق ہیں۔لہذا اس نقطے کو قائدین اور لوگ مشعل راہ بنا کر آگے بڑھیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم کشمیر پر ایک ہیں اور ہمارا اتحاد اسی طرح برقراررہنا چاہیے۔

پچھلے سال 26 اکتوبر کو لندن ملین مارچ سے اسکی ابتداء ہوئی تھی میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں سے کہوں گا کہ وہ اسی طرح متحد رہیں بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرا آج بھی موقف ہے کہ اس میں نہ تو آزاد کشمیر حکومت اور نہ ہی وفاقی حکومت کے کسی نمائندے کو شامل کیا جائے ورنہ یہ سمجھا جائے گا کہ یہ مارچز سپانسرڈ ہیں جبکہ یہ تمام مارچز لوگوں نے اپنے وسائل سے منعقد کیے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے تمام حکومتوں اور وزارت خارجہ پر دستک دی ہے اور اب ہمیں اس سلسلے میں واضح کامیابیاں مل رہی ہیں۔****