بانڈی پورہ میں نہتے شہریوں پر بھارتی فوجیوں کا تشدد ،حریت رہنماؤں کی شدید مذمت

بدھ 18 نومبر 2015 16:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 نومبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے بانڈی پورہ کے علاقے زین چونٹی مولہ میں نہتے شہریوں ظلم وتشدد اور خواتین کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی ادروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں لوگوں پر جبر و استبداد کا نوٹس لیں۔

چیئرمین جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ محمدیاسین ملک نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں عوام پرڈھائے جانیوالے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ کٹھ پتلی حکومت نے ظلم و جبر کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور آج حالت یہ ہے کہ خیالات کی جنگ کا ڈھنڈورا پیٹنے والے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے ہند وانتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کی ایما پر بھارتی فوج کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے اب خواتین کو دن دیہاڑے تشدد کا نشانہ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ مظالم کے خلاف پر امن احتجاج کرنے والوں کو بھی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری بیان میں بانڈی پورہ میں لوگوں پر بھارتی فوج اور پولیس کے عتاب کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی قراردیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ظلم کی اس سیاہ رات کا ایک دن ضرور خاتمہ ہوگا۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ آر کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں پر روارکھے جانے والے مظالم پر کشمیری ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے کٹھ پتلی انتظامہ کو نہتے کشمیریوں پر مظالم کا براہ راست ذمہ ذمہ دار ٹھراتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور عام لوگوں پر چیرہ دستیوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کا سنجیدہ نوٹس لیں۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین جناب محمد یوسف نقاش ،مسلم ڈیموکریٹک لیگ صدر حکیم عبد الرشید، تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی اور کشمیر فریڈم فرنٹ کے چیئرمین بشیر احمد اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں بانڈی پورہ میں خواتین سمیت شہریوں پر بھارتی فورسز کے تشدد کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کشمیریوں پر ہونے والے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا۔ جموں وکشمیرماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے ایک بیان میں خواتین پر بھارتی فوجیوں کے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نہتے لوگوں کے خلاف جبر وا ستبداد نام نہا دبھارتی جمہوریت پر ایک بدنما دھبہ ہے ۔حریت رہنما محمد یاسین عطائی نے نہتے شہریوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو حقوق انسانی کی شدید پامالی قرار دیا ہے۔دریں اثنا مقبوضہ علاقے کے مفتی اعظم بشیر الدین احمدنے بانڈی پورہ واقعے کی شدیدمذمت کرتے مجرم بھارتی فوجیوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :