چوہدری عبدالمجیدنے دورہ سدھنوتی کے دوران کروڑوں روپے کی مالیت کی سکیموں کا افتتاح کردیا

آزادکشمیر میں بلاتخصیص ترقیاتی کام جاری ہیں ،آئینی مدت پوری کرنے تک حکومت الیکشن میں کیے تمام وعدے پورے کرنے میں کامیاب ہوجائیگی، وزیر اعظم کا تقریب سے خطاب

جمعہ 20 نومبر 2015 18:34

سدھنوتی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 نومبر۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے اپنے دورہ سدھنوتی کے دوران کروڑوں روپے کی مالیت کی سکیموں کا افتتاح کردیا۔ وزیراعظم نے منگ گرلز کالج کے لیے پانچ لاکھ اور گرلز ہائی سکول منگ کے لیے دو لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کیا ۔تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پلندی کے ایمرجنسی وارڈ اور پلندری بائی پاس ڈبل روڈ کا افتتاح بھی کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پورے آزادکشمیر میں بلاتخصیص ترقیاتی کام جاری ہیں اپنی آئینی مدت پوری کرنے تک ہماری حکومت الیکشن میں کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ ہماری ترجیحات میں عوام کو صحت کی اعلیٰ سہولیات کی فراہمی رسل ورسائل اور بہترین تعلیمی سہولیات مہیا کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہا رانہوں نے پلندری کے مقام پر 7کلومیٹر لمبی بائی پاس ڈبل روڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

ڈبل لائن بائی پاس روڈ 98.805ملین روپے سے پایہ تکمیل پہنچے گی بعد ازاں انہوں نے تحیصل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پلندری کے ایمرجنسی وارڈ کا بھی افتتاح کیا جس پر ایک کروڑ 90لاکھ کے اخرجات ہوئے ہیں۔ انہوں نے ٹاؤن ہال پلندری کا بھی افتتاح کیا جس پر 16.180ملین روپے کی لاگت آئے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر جب ٹاؤن ہال پلندری کے افتتاح کی تقریب میں پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔

اس موقع پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بیگم شمشاد عزیز،چیئرمین کشمیر کلچر اکیڈمی نبیلہ ایوب اور سابق وزیر سردار محمد حسین کے علاوہ سیاسی وسماجی رہنما ہمراہ تھے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید جب ٹاؤن ہال پلندری افتتاح کی تقریب میں پہنچے تو صدارتی مشیر عنایت اﷲ اور سردار رئیس انقلابی نے ان کا استقبال کیا انہیں ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے جنہوں نے وزیراعظم کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :