میرپور بیوٹیفکیشن پروگرام کی جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے ،چودھری عبدالمجید

شہر میں جدید پبلک پارکس قائم کرینگے ،تارکین وطن اور بچوں کو یورپی طرز جیسی سہولیات فراہم کریں گے، وزیراعظم کی ڈی جی ادارہ ترقیات میرپور سے گفتگو

منگل 24 نومبر 2015 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے ہدایت کی کہ میرپور بیوٹیفکیشن پروگرام کی جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے میرپور تارکین وطن اور متاثرین منگلاڈیم کا شہرہے۔ ادارہ ترقیات میرپور تارکین وطن کے لیے قائم کیے گئے ون ونڈو اپریشن کو مزید موثر بنائے اور تمام رہائشی علاقوں کے جملہ معاملات کو یکسو کرے۔

میرپور کے عوام نے دوسری بار پاکستان کی معاشی ترقی وخوشحالی کے لیے قربانیاں دی ہیں اہلیان میرپور کے تمام معاملات کو ترجیح بنیادوں پر یکسو کریں گے اور میرپور کو بین الاقوامی نوعیت کا شہر بنا دیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ میرپور میں جدید پبلک پارکس قائم کریں گے تارکین وطن اور ان کے بچوں کو یورپی طرز جیسی سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر یہاں ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپور وسابق صدر چمبر آف کامرس چوہدری جاوید اقبال سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے کشمیرہاؤس میں ان سے ملاقات کی انہوں نے کہاکہ ادارہ ترقیات کے زیر انتظام تمام سیکٹرزکی ڈویلپمنٹ اور میرپور کی سول سوسائٹی کے تعاون سے میرپور کو دنیا کا جدید ترین خوبصورت شہر بنا دیں گے۔

سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کے صدر اخلاق کیانی ایڈووکیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی کو یقینی بنایا ۔آزادکشمیر کا بین الاقوامی تشخص اجاگر کیا اور آزادکشمیر میں استحصالی کلچر کا خاتمہ کر کے تعمیر وترقی وخوشحالی کا ایسامیکانیزم اختیار کیا جس سے آزادخطہ کے عوام کی ماضی کی محرومیوں کا ازالہ کیا آج آزادکشمیر کے دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام کو بھی شہر جیسی سہولیات میسر ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ عوامی فلاح وبہبود ہماری سیاست کا محور ومرکز ہے انسانیت کی فلاح وبہبود کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں ۔پیپلزپارٹی حکومت کے میگا پراجیکٹس بعض لوگوں کو ہضم نہیں ہورہے ہیں اور انہوں نے حکومت پر بے بنیاد الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ۔پیپلزپارٹی کی حکومت جو انسانیت کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے وہ منفی عزائم کو عوامی ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دے گی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے آزادکشمیر کے لوگوں کا استحصال کیا ترقیاتی فنڈز ضائع کیے پسند وناپسند کو معیار بنایا اور آزادکشمیر کو کھنڈرات میں بدل دیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی اپنی لیڈر شپ کے ویژن کو فروغ دے رہی ہے اور پارٹی منشور کو عملی جامہ پہنا رہی ہے ۔ہم عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کریں گے آزادکشمیر میں مزید میگا پراجیکٹس دیں گے اور آزادکشمیر کے عوام کا مقدر سنوار کر رکھ دیں گے۔

دریں اثناء کشمیر ہاؤس میں تارکین وطن کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر ہماری زندگی وموت کا مسئلہ ہے تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت شہداء کی وارث ہے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے لیے اپنے لہو کا نذرانہ دیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کومسترد کرتے ہوئے اس غیر آئینی تسلط کے خاتمہ کے لیے جو کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں بھارت کے قابض وغاصب حکمران ریاستی دہشت گردی کے ذریعے زیادہ عرصہ تک ان کی منزل میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کشمیر ایشو کے حوالے سے تارکین وطن کی کوششوں کو سراہا اور تارکین وطن سے کہاکہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی حکمرانوں کے ریاستی ہتھکنڈوں سے مہذب دنیا کو آگاہ کریں تاکہ مہذب دنیا بھارت کے ان غاصب حکمرانوں کا اصل روپ دیکھ سکے۔وزیر اعظم چوہدری عبدالمجیدسے کشمیر ہاؤ س اسلام آباد میں سنیٹر نذت صادق نے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :