نوجوانوں کی گرفتاری کیخلاف حریت رہنماؤں کی قیادت میں پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 3 دسمبر 2015 17:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش ، بلال صدیقی، حکیم عبد الرشید،سیدبشیر اندرابی، مولوی بشیر احمداورمحمد رمضان خان کی قیادت میں بھارتی پولیس کی طرف سے نوجوانوں کی گرفتاری کیخلاف پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ حریت رہنماؤں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سینکڑوں کشمیری نوجوانوں جھوٹے مقدمات میں مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ، پبلک سیفٹی ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے تحت فوج کو نہتے کشمیریوں پر مظالم کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارگھروں پر چھاپے ڈالکر مکینوں کو ہراساں اور نوجوانوں کو گرفتار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مبنی برحق آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کی جارہی ہے مگر بھارت اپنے مذموم ارادوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔ حریت رہنماؤں نے واضح کیاکہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو کشمیری پر مظالم رکوانے کیلئے آگے آنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :