کشمیریوں کو آسانی سے بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا،کشمیری سیاسی طورپر بالغ اور بھارت نواز سیاستدانوں کی چالوں کو خوب سمجھتے ہیں،سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کا حریت فورم سے خطاب

پیر 7 دسمبر 2015 16:31

سری نگر/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 دسمبر۔2015ء) )سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہکشمیریوں کو آسانی سے بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا، مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارڈر مقرر کرنے کی ضرورت ہے، کسی بھی شخص کو کشمیریوں کی دل کی آواز کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات انھوں نے بھارت نواز کشمیری لیڈر محبوبہ مفتی کی طرف سے کی گئی ایک تقریر کے خلاف منعقد کیے گئے حریت فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

حریت فورم میں واضح کیا گیا کہ محبوبہ مفتی کو سمجھنا چاہیے کہ کشمیریوں کو آسانی سے بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ کشمیری سیاسی طورپر بالغ لوگ ہیں اور وہ بھارت نواز سیاستدانوں کی چالوں کو خوب سمجھتے ہیں۔محبوبہ مفتی اور اس کے باپ کی پارٹی ہر محاذ پر بری طرح بے نقاب ہوچکی ہے جنہوں نے ایک سالہ حکومت میں کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دفن کرنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

فورم میں دیگر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی جو پہلے کشمیری مجاہدین کے ساتھ جینے مرنے کے وعدے کرتی تھی اب حکومت ملتے ہی بھارتی حکومت کی کٹھ پتلی بن چکی ہے اوراپنے بھارتی آقاوں کو خوش کرنے کیلئے کشمیریوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے۔محبوبہ مفتی کے بیان سے ان کی جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کا چہرہ بری طرح بے نقاب ہوگیا ہے اور پوری دنیا کے سامنے باپ، بیٹی کا گھناؤنا روپ کھل کر سامنے آگیا ہے۔

واضح رہے کہ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ” بارڈر میں تبدیلی یا علاقوں میں تبدیلی مسائل کا حل نہیں ہے اور واجپائی کی مفاہمت کی پالیسی کا کوئی متبادل نہیں ہے۔صرف کشمیریوں کو حق ہے کہ صرف وہی سرحدوں کا تعین کریں جس کا ان سے اقوام متحدہ نے وعدہ بھی کیا ہوا ہے کہ کشمیری خود اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے اور استصواب رائے کے ذریعے کیا گیا فیصلہ حتمی ہوگا۔