پاکستان کشمیریوں کو اعتماد میں لے ، یہ دو طرفہ مسئلہ نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے‘عبدالرشید ترابی

پیر 14 دسمبر 2015 14:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان سے بات چیت کے حوالے سے پاکستان کشمیریوں کو اعتماد میں لے ، یہ دو طرفہ مسئلہ نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے ، اسے دوطرفہ مسئلہ بنانے کا بھارتی ہتھکنڈا ہے ، بھارت سے بات چیت صرف مسئلہ کشمیر پر ہونی چاہیے ، اعلیٰ سطح پر بات چیت کشمیری قیادت کو ہر مرحلے میں اعتماد میں لینا چاہیے ۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر پیش رفت ہونی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تقسیم کشمیر کے کسی فارمولے کو تسلیم نہیں کریں گے ، کشمیریوں نے مشرف کے تقسیم کشمیر کے فارمولے کو مستردکر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

بھارت بات چیت اگر کرنا چاہتا ہے تو کالے قوانین کا خاتمہ کرے ، مقبوضہ کشمیر سے اپنی فوج کا انخلاء اور قیدیوں کی رہائی سے مشروط کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا وطیرہ رہا ہے کہ جب بین الاقوامی دباؤبڑھتا ہے تو بات چیت کا آغاز شروع کر دیتا ہے ۔ لہٰذا حکومت پاکستان بین الاقوامی دباؤ کو برقرار رکھتے ہوئے کشمیری قیادت سے مشاورت کرے ، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جو اصولی موقف پیش کیا اور آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر اصولی موقف کا اعادہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کو لندن میں کشمیریوں کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا ، ترکی میں ایسام کے زیر اہتمام 60سے زائد ممالک نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جس سے بھارت پر دباؤ مرتب ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی پالیسی سے ساری دنیا میں تشویش پیدا ہو گئی ہے حکومت پاکستان اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جامع حکمت عملی مرتب کرے اور کشمیری قیادت سے مشاورت کا اہتمام کر کے انہیں اعتماد میں لیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :