آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان اور بلوچستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری جاری ‘ سردی مزید بڑھ گئی

پیر 14 دسمبر 2015 14:31

اسلام آباد /کوئٹہ /مظفر آباد /کراچی /گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان اور بلوچستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا پیر کو جاری رہا ‘سردی کی شدت مزید بڑھنے لگی ‘ پنجا ب اور سندھ میں دھند چائی رہی ‘ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ‘ محکمہ موسمیات نے مزید کئی روز برف باری جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان اور بلوچستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا جس کے باعث اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسم مزید سرد ہوگیا ‘سندھ اور پنجاب کے شہروں میں ٹھنڈی ہواؤں سے سردی کی شدت بڑھ گئی ‘محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3سے 4روز کے دوران شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہیگا۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے نانگہ پربت ‘بٹوگااور بوسر کے پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ذرائع کے مطابق بالائی پہاڑی علاقوں میں اب تک 5فٹ برف پڑچکی ہے۔ادھر مالاکنڈ ڈویڑن اور قبائلی علاقوں میں سردی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہونے لگا درجہ حرارت کم ہوتے ہی جلانے کی لکڑی کی قیمتیں بھی بڑھنا شروع ہوگئی ‘خیبر پختونخوا میں بھی سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔

شمالی بلوچستان کے علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہے ‘ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں صبح کے اوقات دھند چھائے رہنے سے ڈرائیونگ کرنے میں مشکل پیش آئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق سے10سے 15 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں ‘ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 9سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

ادھر گیس پریشر میں کمی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ‘ کھانا پکانا تو درکنارپانی بھی گرم نہ ہوسکا اور کہیں اتنی گیس بھی میسر نہیں کہ چولہے ہی جل سکیں۔گھروں میں گیس نہ ہونے سے چولہے ٹھنڈے ہوئے تو شہری ہوٹلوں سے ناشتے اور کھانے کا بندوبست کرنے پرمجبور ہوگئے۔جس سے ان کا گھریلو بجٹ بھی شدید متاثر ہوا دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ سردی کی وجہ سے گیس کی طلب بڑھ گئی اور سپلائی کم ہوئی ہے ‘کوئٹہ کو اس کوٹے کے مطابق بھی گیس نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے یہ مشکل صورت حال پیدا ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :