کشمیری بھارتی تسلط سے نجات کیلئے جد وجہد کر رہے ہیں،نعیم احمد خان

جمعرات 17 دسمبر 2015 17:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء) حریت رہنماء اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کا مقصد بھارت کے غیر قانونی تسلط سے نجات حاصل کرنا ہے۔ نعیم احمد خان نے ممتاز آزادی پسند رہنما شہید شمس الحق کی برسی کے موقع پر مزار شہداء سرینگر پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں شہداء کے مشن کی تکمیل تک جد وجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید شمس الحق اور دیگر شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں کہا کہ شمس الحق تحریک آزادی کے ایک بہادر سپاہی تھے جنکا ایک پختہ نظریہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کو شمس الحق جیسے اعلیٰ تعلیم یافتہ کشمیریوں نے پروان چڑھایا ہے۔ نعیم احمد خان نے کہا کہ کشمیریوں کی جد وجہد دراصل محکوم اور ظالم کے درمیان جنگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو غیر حقیقت پسندانہ موقف اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں جنہیں شامل کیے بغیر پاک بھارت مذاکراتی عمل ہرگز نتیجہ خیز ثابت نہیں سکتا۔

متعلقہ عنوان :