پاکستان اہل کشمیرکے ایمان کاحصہ ہے،سلامتی واستحکام کیلئے کشمیری اپنالہوبہارہے ہیں، چودھری عبدالمجید

ہفتہ 19 دسمبر 2015 16:33

پوٹھہ بینسی / میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہاکہ پاکستان اہل کشمیرکے ایمان کاحصہ ہے ۔ پاکستان کی سلامتی واستحکام کے لیے کشمیری اپنالہوبہارہے ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے اقدامات پرآرمی چیف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

آج مقبوضہ کشمیرمیں بھی کشمیر ی عوام استحکا م پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ کشمیرکے بغیرپاکستان نامکمل ہے۔بھارت کے قابض وغاصب حکمران تحریک تکمیل پاکستان کاراستہ نہیں روک سکتے۔ تحریک آزادی کابیس کیمپ ساری ریاست کاترجمان ہے۔ بیس کیمپ کا اقتدارکشمیری شہداء کی امانت ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری شہداء کالہورنگ لاکررہے گا۔

تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے اقتدارمیں آتے ہی عوام سے کیے جانے والے وعدوں کوپوراکرنے کے لیے ایسے روڈ میپ کاسفرشروع کیاجوہمیں منزل کی طرف لے جارہاہے اور آج آزادکشمیرکے دوردراز پسماندہ علاقوں کے عوام بھی شہر جیسی سہولتیں حاصل کررہے ہیں۔انسانیت کی فلاح وبہبود ہماری سیاست کامحورومرکزہے۔ خدمت خلق ہمارامشن ہے۔

اس مشن کی تکمیل کر کے رہیں گے۔ آزادکشمیرمیں تعلیم کے ذریعے انقلاب لائیں گے اور آزاد کشمیر کوایجوکیشن اسٹیٹ میں بدل دیں گے۔آزادکشمیر کے سیاسی ٹھیکیداروں نے غریب عوام کوعلاقوں اورقبیلوں میں تقسیم کیے رکھااور عوام کوتعلیم کی سہولتوں سے محروم رکھا۔ آزادکشمیرمیں برادریاں اور قبیلے مذہب بن چکے تھے ہم نے آزادکشمیرسے علاقائی قبیلائی سیاست اوراستحصالی کلچرکاخاتمہ کیا۔

آزادکشمیرکوفلاحی اسٹیٹ میں بدل دیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیریہاں باباعبداللہ گورنمنٹ ہائی سکول کی نوتعمیربلڈنگ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب کی صدارت علاقہ کی ممتاز شخصیت اولڈ متاثرین منگلاڈیم کے صدرسابق ڈسٹرکٹ کونسلرحاجی ذوالفقارعلی نے کی جبکہ تقریب سے وزیرہائیرایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی، وزیرمال چوہدری علی شان ، مشیرحکومت شوکت علی راجہ، محترمہ نبیلہ ایوب، ایڈمنسٹریٹرٹاؤن کمیٹی راجہ گل منیر، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرراجہ زبیراختر،سابق امیدوار حاجی افسرراٹھی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرراجہ راشد تراب، پروفیسرزبیراختر نے بھی خطاب کیاجبکہ پروفیسر سبطین کاظمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیاسٹیج سیکرٹری کے فرائض ماسٹرزبیراحمدنے سرانجام دیئے۔

تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری داخلہ راجہ جاوید اقبال، سیکرٹری تعلیم کالجز شاہد محی الدین،سیکرٹری تعلیم سکولزراجہ عباس، ڈی پی آئی کالجز شاہین عشائی، چیئرمین ایم ڈی اے چوہدری جاوید اقبال، ڈی جی منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقاراعظم ،ماسٹر(ر)راجہ فضل الرحمان، تارکین وطن راہنماحاجی صادق میٹ اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے ٹاؤن کمیٹی پوٹھہ ٹاؤن کومیونسپل کمیٹی کادرجہ دیتے ہوئے کہاکہ عوام علاقہ نے جن رابطہ سڑکوں کامطالبہ کیاہے وہ سب تعمیرکی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ متاثرین منگلاڈیم کے تمام حل طلب معاملات کویکسو کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیرسے آنے والے تمام مہاجرین کوبلامعاوضہ حقوق ملکیت دینے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کوبھی جن کے پاس حقوق ملکیت نہیں تھے پہلی بارانھیں بھی حقوق ملکیت دیئے۔

انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت خدمت خلق کے جذبے پرعمل پیراہے۔ انسانیت کی فلاح وبہبود ہی ہماری سیاست کامحورومرکزہے۔ عوام کی ترقی وخوشحالی ہماراایجنڈاہے جس کی تکمیل کرکے رہیں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم نے صادق میٹ مرحوم گرلز ڈگری کالج کا افتتاح کیا۔ آزادکشمیرکے وزیرہائیرایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی، وزیرمال علی شان سونی، مشیرحکومت شوکت علی راجہ اورمحکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :