گیلانی فورم کی ادھمپور جیل میں نظربند کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی مذمت

اتوار 20 دسمبر 2015 14:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی زیر قیادت فورم نے اُدھم پور جیل میں عملے کی طرف سے نظربند کشمیریوں کے ساتھ کے روا رکھے گئے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سے اپیل کی ہے کہ وہ نظربند کشمیریوں کی حالتِ زار کا سنجیدہ نوٹس لیں اور انہیں درپیش مسائل کے ازالے کی کوشش کریں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے جاری ایک بیان میں فورم کے ترجمان نے کہا کہ قابض انتظامیہ سیاسی قیدیوں کے ساتھ اخلاقی مجرموں اور قاتلوں جیسا سلوک کررہی ہے اور انہیں جیلوں کے اندر بھی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ادھم پور جیل میں کئی سیاسی قیدیوں اور طالب علموں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند رکھا گیا ہے جہاں جیل عملے نے ان کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نظربند کشمیریوں کو تنگ اور اندھیری سیلوں میں رکھا جاتا ہے، ان سے جبری مشقت لی جاتی ہے اور انکار کرنے پرانہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ علاج ومعالجے کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔ بیماری کی صورت میں ہر قیدی کو جیل ڈسپنسری سے غیر معیاری ادویات فراہم کی جاتی ہیں جو بیمار ی بڑھانے کا باعث بن جاتی ہیں۔ترجمان کے مطابق قیدیوں کو شام کا کھانا دن کے 3:30بجے فراہم کیا جاتا ہے جو رات ہونے تک ٹھنڈا ہو نے کے باعث کھانے کے قابل نہیں رہتا ہے جبکہ انہیں غیر معیاری غذائی اجناس فراہم کی جاتی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ وادی کشمیر میں کئی نئی جیلیں تعمیر کرنے کے باوجود کشمیری نظربندوں کو غیر قانونی طورپر اپنے گھروں سے سینکڑوں میل دور جموں کی جیلوں میں رکھا جاتا ہے جہاں جیل عملے میں فرقہ پرست عناصر بھرتی کئے گئے ہیں اور وہ ہر ممکن طریقے سے انہیں نشانہ بناتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری نظربندوں کو سیاسی قیدیوں کے حقوق نہیں دیے جارہے ہیں اور ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ جموں کی جیلوں کو گوانتاناموبے اور ابوغریب جیسی جیلوں میں تبدیل کردیا گیا ہے اور قیدیوں کو حراستی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :