کشمیریوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں،میرواعظ

اتوار 20 دسمبر 2015 14:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین میر واعظ عمرفاروق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام1931ء سے آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ 27 سال کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جان و مال کی عظیم قربانیاں دی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مسلم کانفرنس کے بانی رکن مرحوم چودھری غلام عباس کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم رہنما نے لوگوں کو باعزت اورباوقار زندگی کا راستہ دکھایا۔

میرواعظ نے کہا کہ چودھری غلام عباس، میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ اور دیگر رہنماؤں کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا اورہجرت کرنے پر مجبور کیا گیا لیکن اس کے باوجود وہ قربانیاں دیتے رہے اور تاریخ کشمیر میں اپنا نام سنہرے حروف میں درج کرایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ان رہنماؤں کے غیر متزلزل یقین اور جددجہد آزادی کے لیے ان کے اخلاص کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا ان رہنماؤں کا خوا ب اسی صورت میں شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے جب اس کو کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔ حریت چےئرمین نے یقین ظاہر کیا کہ کشمیری عوام نظریاتی اتحاد اور استقامت کا مظاہرہ کرکے تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر، سوپور، بارہمولہ او ر پلہالن میں معصوم نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاری کو ریاستی دہشت گردی قراردیتے ہوئے کہا کہ کمسن لڑکوں اور گرفتار نوجوانوں کو ہتھکڑیا ں پہناکر عدالت میں مجرموں کی طرح پیش کرنا شرمناک ہے۔

ترجمان نے ان کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری نوجوانوں کی توہین قرار دیا اورکہا بھارتی پولیس معصوم نوجوانوں کومختلف جھوٹے کیسوں میں پھنسارہی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

متعلقہ عنوان :