حکومت آزاد کشمیر ملازمین کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے‘سیدہ نائیلہ قلندر گردیزی

پیر 21 دسمبر 2015 13:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 دسمبر۔2015ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی چیئرپرسن سیدہ نائیلہ قلندرگردیزی نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر ملازمین کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔لیڈی ہیلتھ ورکرز کئی روز سے اپنی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے احتجاج کر رہی ہیں۔

محکمہ ہیلتھ کے ملازمین ہیلتھ پیکج کے اصولی مطالبے کو پورا نہ کیے جانے پر ہڑتال پر ہیں۔حکومت عیاشیوں میں مصروف ہے۔صرف ہوائی اعلانات کر کے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حکومت سرکاری خزانے سے بڑی بڑی ریلیاں تو نکالی جا رہی ہیں جبکہ غریب ملازمین سڑکوں پر دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے دور حکومت میں ملازمین کو اولین ترجیح دی جاتی تھی۔محکمہ تعلیم کے ملازمین کو ٹائم سکیل دیا گیا۔جس کے مطابق ایک ملازم گریڈ سات سے سولہ میں ترقیاب ہوا اور وہ تقریباً پچاس ہزار تنخواہ لیتا ہے اور یہ کریڈٹ مسلم کانفرنس اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا لیڈی ہیلتھ ورکرز کی نو ماہ سے تنخواہ بند رکھنا کہاں کا انصاف ہے۔

وزراء اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔وزیراعظم ملازمین کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے۔آج ملازمین حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ذمہ داران کو شرم حیاء ہوتی تو ایل ایچ وی ڈبلیو کے دھرنے کو دیکھ کر ہی یہ مطالبات پورے کرتے یا اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جاتے۔نائیلہ گردیز ی نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس لیڈی ہیلتھ ورکرز کے جائز مطالبات پر ان کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔اگر حکومت نے ایک ہفتے کے اندر اندر ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی تو مسلم کانفرنس شعبہ خواتین آزاد کشمیر بھر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بھرپور احتجاج کریگی۔

متعلقہ عنوان :