قاضی یاسر اور دیگر کا شہید سجاد کینو کو خراج عقیدت

ہفتہ 9 جنوری 2016 14:38

سرینگر۔ 09 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جنوری۔2016ء) ممتاز عالم دین اور امت اسلامی کے چیئرمین قاضی یاسر نے ممتاز مجاہد سجاد احمد کینو کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قاضی یاسر نے اسلام آباد کے مزار شہداء پر ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ سجاد احمد کینو نے ایک ایسے وقت میں حق کے راستے پر اپنا سفر جاری رکھا جب کشمیریوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا جا رہا تھا ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ سجاد احمد نے کئی مزاحمتی گروپوں کو ایک بینر تلے اکٹھا کیا اور انکا یہ کام ہمیشہ یا درکھا جائے گا۔ قاضی یاسر نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک ہر قیمت پر جاری رکھا جائے۔قبل ازین سینکڑوں لوگوں نے آزادی کے حق میں نعروں کو گونج میں مزار شہداء تک مارچ کیا۔ مارچ کی قیادت حریت رہنماؤں بلال احمد صدیقی، انجینئر فاروق احمد خان اور قاضی یاسر نے کی۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، اسلامک سٹوڈنٹس لیگ ، محاذ آزادی، جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ، مسلم خواتین مرکز، تحریک مزاحمت ، پیپلز لیگ اور تنظیموں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :