مقبوضہ کشمیر میں قانون کی کوئی پاسداری نہیں،نعیم خان

اتوار 28 فروری 2016 14:45

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 فروری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیرنیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں قانون کی کوئی پاسداری نہیں ہورہی ہے اور قابض انتظامیہ عوام کی حقیقی سیاسی قیاد ت پر آئے روز پابندیاں عائد کرکے جمہوری اصولوں کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے وادی کے طول و عرض میں نوجوانوں کی گرفتاریوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے کی شدید مذمت کی ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی جمہوریت کا اصل چہرہ وہی ہے جس کا مظاہرہ وہ جموں و کشمیر میں کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کی آواز وں کو دبایاجارہا ہے اور انہیں کہا جارہا ہے کہ وہ اپنی زبانیں بند رکھیں ورنہ اْنہیں بھارتی فوسز کے قہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

نعیم خان نے کہا کہ لوگوں پر پابندیاں عائد کرنے اور اْنہیں بے بنیاد اور من گھڑت کیسوں میں پھنسانے سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوجائے گی اور اس طرح کے اقدامات کبھی سود مند ثابت نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی پسند رہنماؤں کو آئے روز اُن کے گھروں یا پولیس تھانوں میں بند کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے پارٹی کے ایک سینئر کارکن ریاض احمد کو بار با ر گرفتار کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کو فوراً رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ نعیم احمد خان نے بھارتی فورسز کے ظلم و جبر کا سامنا کرنے والے نوجوانوں کو سراہتے ہوئے کہا انہیں اذیت خانوں میں مختلف جسمانی تکالیف سے دوچار کیا جاتا ہے۔انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ کشمیری نوجوانوں کا مستقبل تاریک بنانے کی پالیسی ترک کرے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے نوجوانوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :