اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، مختار وازہ

منگل 1 مارچ 2016 15:18

سرینگر ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمامختار احمد وازہ نے اقوام متحدہ پر زور دیاہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ضلع اسلام آباد کے علاقے قاضی گنڈ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے 5جنوری 1949 ء کو تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ایک قرار دادمنظور کی ہے جس میں کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے تاہم سات دہائیاں گزرجانے اور کشمیری قوم کی بے شمار قربانیوں کے باوجود کشمیریوں کو اس حق سے محروم رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس بھارت فوجی طاقت اور تشدد کے ذریعے کشمیریوں کی پرامن جدوجہدکو دبانے کی کوشش کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔مختار وازہ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جمایا رکھا ہے۔ حریت رہنما نے جدوجہد آزادی کو حصول مقصد تک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجودکشمیری قوم مطالبہ آزادی سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔

متعلقہ عنوان :