کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسیدکا لاہور میں خودکش بم دھماکے کی مذمت

پیر 28 مارچ 2016 15:02

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے لاہور کی ایک پارک میں خودکش دھماکے کی سختی سے مذمت کی ہے اور جانبحق ہونے والے افراد کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیاہے۔اپنے ایک بیا ن میں انھوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں اور کسی بھی مہذب قوم کے لیے ہر قسم کی دہشت گردی قابل قبول نہیں۔

علی رضا سید نے کہاکہ چونکہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتاہے اوراسکے کشمیرپر اصولی موقف کی وجہ سے دشمن پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے غیرمستحکم کرناچاہتے ہیں۔اس حملے پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوتے انھوں کہاکہ اس طرح کے شرمناک حملوں کے ذریعے پاکستان کو کمزورنہیں کیاجاسکتا اور نہ ہی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو کم کیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

علی رضاسید نے کہاکہ دہشت گرد نہ ہی مسلمان ہیں بلکہ وہ انسانیت سے بھی عاری ہیں۔ دہشت گردی فرانس میں ہویاپیرس ، ترکی یا پاکستان میں ، جس بے دردی سے دہشت گرد عناصر معصوم اورنہتے انسانوں کو قتل کررہے ہیں، ہرباشعور انسان اور مہذب معاشرہ ، اس وحشیانہ فعل کی مذمت کررہاہے۔ آج وقت آگیاہے کہ پوری دنیا دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوجائے اور دہشت گردی کو جڑسے اکھاڑدے۔