کشمیری طلباء کے ساتھ ہونے والا ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، یاسین ملک منگل کو ہڑتال کی جائے گی، چیئرمین جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ

اتوار 10 اپریل 2016 13:52

سرینگر ۔ اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 اپریل۔2016ءمقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارتی شہروں میں کشمیری طلباء کی مار پٹائی اور انہیں ہراساں کرنے کی کارروائیوں پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسکے خلاف 12اپریل بروز منگل کو مکمل ہڑتال کی کا ل دی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کا کوئی بھی پرساں حل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری طلباء کے ساتھ ہونے والا ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ طلباء کو حقیر سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھا کر انکے مستقبل کو تباہ کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلباء کو مار اپیٹا اور ہراساں کیا جاتا ہے اور کوئی بھی ان کی مشکلات کی طرف توجہ نہیں دے رہا۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ سرینگر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر میں ایک ڈرامہ رچایا گیا تاکہ کشمیری طلباء کو درپیش مشکلات سے توجہ ہٹائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم نظر نہیں آتے لیکن این آئی آئی ٹی کے معمولی واقعے کو یہی میڈیا بڑھا چڑھا کر پیش کر کے منافرت پھیلانے میں منہمک ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھی تعلیمی اداروں میں مداخلت نہیں کی ہے لیکن اس کے برعکس بھارتی حکومت ، اسکی کٹھ پتلیاں اور میڈیا مذہبی منافرت پھیلانے میں مصروف ہیں جو ان لوگوں کے ذہنی و اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے۔