کشمیر کونسل کے انتخابات میں ممبران اسمبلی کے ضمیر کی منڈیاں لگانے والوں کا چیف الیکشن کمشنر سختی سے نوٹس لیں‘محمود الحسن چوہدری

جمعہ 6 مئی 2016 12:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیرو نگران انتخابی مہم محمود الحسن چودھری نے کہا ہے کہ کشمیر کونسل کے انتخابات میں ممبران اسمبلی کے ضمیر کی منڈیاں لگانے والوں کا چیف الیکشن کمشنر سختی سے نوٹس لیں،کشمیر کونسل کے انتخابات پیسے کا کھیل بنانے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے،ممبران اسمبلی جب ضمیروں کا سودا لگائیں گے تو پھر اس اسمبلی کا اللہ ہی حافظ ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،محمود الحسن چودھری نے کہا کہ جن لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے وہ اسمبلی میں ہیں ایسے لوگوں نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے لوٹ مار اور کرپشن کو عام کیا ہے معاشرے کا سنجیدہ طبقہ عوام کی راہنمائی کرے کہ وہ کرپٹ اور بددیانت لوگوں کو منتخب کرنے کے بجائے ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو امانتدار ،دیانتدار اور خوف خدارکھنے والے ہوں جب تک عوام امانتدار ،دیانتدار اور باکردار قیادت کو منتخب کر کے اسمبلی میں نہیں بھیجیں گے اس وقت تک ہمارے مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں اور اضافہ ہو گا ،انہوں نے کہا کہ 5سالوں میں ایک موقع آتا ہے کہ عوام ووٹ کی پرچی سے فیصلہ کریں کہ ان کے نمائندے کون ہوں؟عوام اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے درست فیصلے کرے تعصبات ،علاقائیت اور برادریوں کے خول سے نکل کر اجتماعی سوچ کے ساتھ بہتر فیصلے کریں تا کہ اس خطے کی تقدیر کوبدلا جا سکے ۔