محکمہ تعلیم نیلم تباہی کے دہانے پر ، 1ماہ قبل تبدیل ہونے والے اساتذہ نئے جائے تعیناتی پر حاضر نہ ہوسکے

جمعرات 12 مئی 2016 14:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مئی۔2016ء) محکمہ تعلیم نیلم تباہی کے دہانے پر ، 1ماہ قبل تبدیل ہونے والے اساتذہ نئے جائے تعیناتی پر حاضر نہ ہوسکے ، متعدد سکولوں کے ہزاروں طلبہ وطالبات کامستقبل تاریک، وزیر تعلیم سکولز کی ہدایات ڈی ای او مردانہ / نسواں، ڈپٹی ڈی ای او ، اے ای اوز نے ردی کی ٹوکری کی نذر کردی ،40 فیصد سے زائد اساتذہ الیکشن مہم میں مصروف ، عوامی شکایات اور وزیر تعلیم سکولز کی واضح ہدایت کے باوجود ڈی ای او مردانہ / نسواں اساتذہ کواداروں میں حاضر کرنے سے قاصرہوگئے ،5سالوں سے صفر رزلٹ دینے والے سکولوں گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول ٹھنڈاپانی ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول گہوری ، گورنمنٹ پرائمری سکول بیلہ محمد خان، گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کھریگام ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول گشن گھاٹی کے خلاف کارروائی نہ ہوسکی ، ہزاروں طلبہ وطالبات کامستقبل مخدو ش ، نئے تعلیمی سال کاآغاز نہ ہوسکا، اے ای اوز نے نئے اساتذہ کوحاضر کرنے سے معذور ی کااظہار کردیا جبکہ ڈی ای او / مردانہ ونسواں نے بھی وزیر تعلیم کی جانب سے عوامی شکایت پر لکھی گئی ہدایت کو ٹھوکرادیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیر ، وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید ، چیف سیکرٹری آزادکشمیر ،سیکرٹری تعلیم سکولز راجہ عباس سے نوٹس کامطالبہ ، بصورت دیگر احتجاج کی دھمکی ،گزشتہ روز تحصیل شاردہ اور یونین کونسل دودھنیال کے وفد جس کی قیادت ٹھیکیدار شرین میر کررہے تھے وفد میں شاردہ کے سیاسی وسماجی شخصیت چودھری فیروز الدین، غلام مصطفی ، محمد صادق حسین، حاجی حسین ودیگر تھے وفد نے بتایا کہ مذکورہ بالا تعلیمی اداروں کا5 سال سے رزلٹ صفر ہے ،ٹھنڈاپانی میں تعینات ٹیچرڈی ای او نیلم کیساتھ خودساختہ پی آراو بنا ہواہے جبکہ دیگر اداروں کی اساتذہ اکثرغیر حاضر رہتے ہیں ان اساتذہ کی وجہ سے 40 فیصد طلبہ وطالبات کو والدین نے اداروں سے نکال لیاہے جبکہ 20 فیصد طلبہ وطالبات کوپرائیویٹ اداروں میں بھیج دیاگیاہے جبکہ 40 فیصد طلبہ کے والدین نئے تعلیمی سال کے اخراجات کرنے کے باوجود سرپکڑ کر بیٹھ گئے عوام علاقہ کی جانب سے دی گئی وزیر تعلیم سکولز کودرخواست ڈی ای او نسواں اور مردانہ نے ردی کی ٹوکری کی نذ رکرتے ہوئے سائلین کودردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کردیاہے وفد نے ارباب سے اپیل کی ہے کہ نیلم کے تعلیمی اداروں کی حالت زار پر توجہ دی جائے بصورت دیگرغفلت کے مرتکب آفیسران کیخلاف شدید احتجاج کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :