آزاد کشمیر کے عام انتخابات کا شیڈول جاری ، پولنگ 21 جولائی کو ہو گی

پیر 6 جون 2016 15:23

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جون۔2016ء) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2016 کا شیڈول جاری کر دیا، پولنگ 21 جولائی 2016ء کو ہو گی، آزاد کشمیر کے سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں تقرریوں، تبادلوں، ترقیابیوں مامورگیوں، نئی ترقیاتی سکیموں، ترقیاتی سکیموں کے افتتاح، سنگ بنیاد اور سرکاری گاڑیوں پر الیکشن مہم چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے گزشتہ روز ہنگامی اور پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی آئینی مدت 24 جولائی 2016 کو پوری ہو رہی ہے، آئینی طور پر آخری تاریخ سے 60ایام قبل انتخابات کروائے جانے ضروری ہیں، لہٰذا بحیثیت چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر اعلان کرتا ہوں کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دسویں عام انتخابات 2016 کی پولنگ 21 جولائی 2016 کو ہو گی، امیدواران 16 جون تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرواسکیں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 جون کو ہوگی،18 جون کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی، کاغذات کی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلاف 22 جون کو اپیلیں کی جا سکیں گی، اپیلوں کی سماعت 23اور 24 جون کو ہو گی جبکہ اپیلوں پر فیصلہ 25 اور 26 جون کوسنایاجائے گا، امیدوار27 جون کو ایک دوسرے کے حق میں دستبردار ہو سکیں گے،28 جون کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں ہو گی،29جون کو انتخابی نشاناٹ الاٹ کئے جائیں گے اور 21 جولائی 2016 کو پولنگ ہو گی، چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ انتخابات 2016 میں آزاد کشمیر کے دس اضلاع کے 12 لاکھ 11ہزار 842 مرد اور 10لاکھ 25ہزار 216 خواتین اور مجموعی طور پر 22 لاکھ 37 ہزار 58 رائے دہندگان جبکہ مہاجرین کے 12 انتخابی حلقہ جات کے 4 لاکھ44ہزار 634 رائے دھندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کیلئے نادرا کے تعاون سے نئی ووٹرلسٹیں مرتب کی ہیں، 2011ء کی انتخابی فہرست سے بوگس، دوسرے تیسرے ووٹرز کا اخراج کر دیا گیا ہے، آزاد کشمیر کے 10 اضلاع ایک لاکھ 33ہزار 534 جعلی ووٹوں کا اخراج ہوا ہے جبکہ مہاجرین کے 12 حلقوں سے 2 لاکھ 15 ہزار 167 جعلی ووٹ خارج کر دیئے گئے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ عام انتخابات فوج اور رینجرز کی موجودگی میں ہوں گے، سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے، آزاد کشمیر میں الیکشن عدلیہ جبکہ پاکستان کے 12 حلقوں میں الیکشن کمشنر آف پاکستان کی نگرانی میں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :