عوام کا استحصال کرنیوالے سیاسی سوداگروں کے حساب کاوقت آگیاہے،چوہدری عبدالمجید

منگل 7 جون 2016 16:33

خالق آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ عوام کا استحصال کرنے والے سیاسی سوداگروں کے حساب کاوقت آگیاہے۔ برادریوں ، قبیلوں اورعلاقو ں کی بنیاد پرسیاست کرنے والے اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔ برادریوں کو مذہب کا درجہ دے کرسیاست کرنے والوں کی منفی سیاست کادورختم ہوچکاہے۔

عوام باشعور ہیں اور حق رائے دہی کا استعمال کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ پیپلزپارٹی انسانیت کی فلاح وبہبود اورعوامی ترقی وخوشحالی پریقین رکھتی ہے۔ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے عوام ہماری طاقت ہیں۔ عوامی طاقت کے ذریعے ان پیشہ ورسیاستدانوں کوان کی اوقات یاد دلادیں گے۔ پیپلزپارٹی کے کارکنان اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی سوداگروں کوکیفرکردارتک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انھوں نے پیپلزسیکرٹریٹ خالق آباد میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمشیر حکومت شوکت راجہ ایڈووکیٹ، ٹاؤن کمیٹی کے سابق چیئرمین مرزااعجاز صدیق بیگ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرچوہدری مشتاق، سابق چیئرمین یونین کونسل ملک کرامت حسین، کوارڈینیٹر رقیہ خانم اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی غریب اور پسماندہ عوام کی ترجمان ہے جو عقیدے اور نظریے کی سیاست پریقین رکھتی ہے اور انسانیت کی فلاح وبہبود اس کا ایجنڈا ہے۔

یہی پارٹی لیڈرشپ کا ویژن ہے۔ جس پرمشنری جذبہ سے عمل کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ 2016 کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر پارٹی لیڈر شپ جنھوں نے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ان کے مشن کی تکمیل کرکے رہے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ بلاول بھٹو پاکستان کے مستقبل کے وزیراعظم ہونگے اور نوجوان نسل کے رول ماڈل ہیں۔

تحریک آزادی کشمیر سے ان کی گہری دلچسپی ولگاؤ پیپلزپارٹی کی قیادت سے ورثہ میں ملی ہے۔ بلاول بھٹو نے آزادکشمیرکے انتخابی جلسوں میں جس جراتمندانہ انداز سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کی اس سے مسئلہ کشمیرانٹرنیشنلائز ہواہے اور بھارت کے اقتدار کے ایوان لرز اٹھے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ بلاول بھٹو نے جس انداز میں پاکستان کی کرپٹ قیادت کوللکاراہے اور پاکستان کے معاشی استحکام اور عوامی ترقی کے لیے جس انداز میں پارٹی پرچم بلند کیاہے اس سے پاکستان کے کرپٹ عناصرپرلرزہ طاری ہوااورپاکستان کے بے بس عوام کو امیدوں کا سہاراملاہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی وفاقی کی علامت ہے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے جاری اپریشن ضرب عضب کامیابی کی طرف آگے بڑھ رہاہے اور اس کا کریڈٹ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوجاتاہے۔ اہل کشمیر جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس امر کایقین دلاتے ہیں کہ کشمیرکا بچہ بچہ ان کا بلاتنخواہ سپاہی ہے۔ کشمیری اور پاکستانی عوام کودنیاکی کوئی طاقت جدانہیں کرسکتی۔پاکستان اور کشمیرلازم وملزوم ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے ۔ بھارت جارحانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کومنزل سے زیادہ دورنہیں رکھ سکتا۔ بہت جلد کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :