وفاقی وزراء کی آزاد کشمیر میں مداخلت، کشمیر کونسل کی سکیموں سے ووٹروں کے ضمیر کو خریدنے کی کوشش ودیگر حربوں کیخلاف چیف کمشنر کو کارروائی کرنے کیلئے خط لکھ دیا ہے،بیرسٹر سلطان محمود

جمعرات 16 جون 2016 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وفاقی وزراء کی آزاد کشمیر میں مداخلت، کشمیر کونسل کی اسکیموں کے ذریعے ووٹروں کے ضمیر کو خریدنے کی کوشش، آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے انتخابی شیڈول آنے کے بعد صوابدیدی فنڈزدینے اور وزراء کی طرف سے پروٹوکول اور سرکاری گاڑیوں میں انتخابی مہم چلانے کی آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر کولکھے گئے ایک خط لکھ کر نشاندھی کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی گئی ہے کہ اس پر نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر کاروائی کریں۔مکتوب میں مزید درخواست کی گئی ہے کہ انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لئے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل، ڈپلومیٹک اور خود مختار مانیٹرنگ کی درخواست بھی کی جائے تاکہ یورپی یونین جیسے ادارے آزاد کشمیر کے الیکشن کی مانیٹرنگ کریں اور یہ ثابت ہو سکے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات سات لاکھ فوج کی موجودگی میں فراڈ الیکشن ہوتے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں شفاف الیکشن ہوتے ہیں اور ان شفاف انتخابات کے نتیجے میں آنے والی حکومت حقیقی نمائندہ حکومت سمجھی جا سکے جو مسئلہ کشمیر کو مختلف انٹرنیشنل فورمز پر اٹھانے کی صلاحیت رکھے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو خط میں مزید لکھا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن اسلئے بھی منصفانہ ہونے چاہیں کیونکہ ہمارا تقابلی جائزہ مقبوضہ کشمیر کے انتخابات سے کیا جاتا ہے تاکہ یہ باور کرایا جا سکے کہ مقبوضہ کشمیر میں ساتھ لاکھ فوج کی موجودگی میں ہونے والے انتخابات جعلی اور فراڈ ہوتے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی جمہوری حکومت ہی نظام چلاتی ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اس خط کی کاپی چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کے علاوہ دیگر اہم متعلقہ اداروں کو بھی بھیج دی گئی ہے تاکہ وہ الیکشن کو منصفانہ اور شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔اس مکتوب میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ بعض سرکاری ملازمین وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت کے آلائے کار بنے ہوئے ہیں انہیں انکے عہدوں سے برخواست کیا جائے تاکہ الیکشن کوپراگندہ اور غیر منصفانہ ہونے سے بچایا جا سکے۔لہذا چیف الیکشن کمشنر اسکا فوری نوٹس لیں۔

متعلقہ عنوان :