حکومت آزاد کشمیر نے 2016-17ء کے ترقیاتی میزانیہ میں پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کیلئے 680 ملین مختص کر دئیے

جمعہ 24 جون 2016 18:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبرنے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ آزاد کشمیرپاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر انتظام جاریہ منصوبہ جات کے لیے رواں مالی سال 2015-16 ء کے نظرثانی میزانیہ میں650 ملین روپے مختص ہیں۔جبکہ مالی سال 2016-17ء کے ترقیاتی میزانیہ میں پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے لیے مبلغ 680 ملین روپے تجویزکیے گئے ہیں۔

اس طرح مالی سال2016-17ء میں تقریباً97.5 میگاواٹ کے10 منظورشدہ جاریہ منصوبہ جات پر کام جاری رکھے جانے کی تجویز ہے جن میں دورایاں ، نگدر ، ہجیرہ ، گلہتر، بھیڈی ڈوبہ ، جھینگ ‘ کنڈل شاہی ‘ کپہ بنہ مو لا‘ کیل ۔I اور کنڈل شاہی ہائیڈرو پاور اسٹیشن کی مرمتی قابل ذکر ہیں ان منصوبہ جات کوبتدریج دسمبر 2019 تک مکمل کر لیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

جبکہ آئندہ مالی سال میں 4.8 میگاواٹ بتاڑ، 1.7 میگاواٹ دھنہ، 750 کلو واٹ کیل، 600 کلوواٹ ہلاں، 450 کلوواٹ رانگڑھ - ٹو اور 250 کلو واٹ گوئی نالہ کی تکمیل سے مجموعی طور پر 8.550 میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں اضافے کے باعث سالانہ تقریباً20 سے 25 کروڑ کی آمدن متوقع ہے۔

جس سے لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی کے علاوہ خطہ کشمیر میں معاشی ترقی کیلئے معاونت ملے گی۔ نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے معاہدہ پر فوری دستخط کئے جائیں اور اس منصوبہ کے منفی اثرات کا بھی تدارک کیا جانا چاہیے۔ علاوہ ازیں کوہالہ ہائیڈرل پراجیکٹ کے معاہدہ پر دستخط اور جملہ معاملات طے ہونے تک عملدرآمد شروع نہ کیا جائے۔ آزاد جموں وکشمیر کی کل ضرورت 340 میگا واٹ ہے جسے پورا کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے نیز آزاد جموں وکشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :