مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہوگئیں، مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنیں گی

پیر 27 جون 2016 18:53

اسلام آباد ۔ 27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون ۔2016ء) مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہو گئی ہیں جو ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنیں گی۔ کراچی میں سمندری ہوامنقطع ہونے کی وجہ سے شدید حبس کے بعد بارش ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران سندھ، بلوچستان، پنجاب ، خیبر پختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں آندھی/تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان،خیبرپختونخوا ( آندھی کی رفتار 80 کلو میٹرفی گھنٹہ)، بالائی پنجاب( آندھی کی رفتار 100 کلو میٹرفی گھنٹہ)، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب اور زیریں سندھ میں چند مقامات پر آندھی/تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ 48گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ہزارہ، مکران، قلات، سبی، نصیرآباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ زیریں سندھ، جنوبی پنجاب (بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن)، کوئٹہ، ژوب ڈویژن، خیبر پختو نخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی/تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران سرگودھا، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، کوئٹہ، قلات ڈویژن، کشمیر، اسلام آباد اور فاٹا میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں کوئٹہ51، قلات04، خیبرپختونخوا میں پاراچنار50، کوہاٹ18، چراٹ08، کاکول، دیر04، پنجاب میں چکوال16،سرگودھا 11، کامرہ06، اسلام آباد (سیدپور06)، منڈی بہاولدین 01 اور کشمیر میں کوٹلی کے مقام پر04 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پیر کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تربت 48، دادو، سبی،بھکر، جیکب آباد، بہاولنگر 45، نورپورتھل اور دالبندین میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :