چوہدری محمد عزیز کے ساتھ جو واقع پیش آیا اس پر شدید افسوس ہے ‘دلی دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں ‘اس واقعہ نے آزادکشمیر کے اندر پورے الیکشن پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے

منگل 12 جولائی 2016 16:48

فارورڈکہوٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جولائی- 2016ء) چوہدری محمد عزیز کے ساتھ جو واقع پیش آیا اس پر شدید افسوس ہے دلی دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں ۔اس واقعہ نے آزادکشمیر کے اندر پورے الیکشن پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے نائب صدر، وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور حویلی ایل اے 16 سے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔

اس موقع پر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سیاسی و عوامی لیڈر کبھی دوسرے سیاسی لیڈر پر قاتلانہ حملہ نہیں کر سکتا ۔ اس واقعہ میں جو لوگ ملوث ہیں انھیں ہر صورت میں سامنے لایا جائے گا۔ میں اتنا بے وقوف نہیں کہ چوہدری محمد عزیز پر اس طرح کا حملہ کر کے خود جیل چلا جاتا اور طارق سعید کو نااہل ہونا پڑتا جو لوگ چوہدری محمد عزیز کی بغل میں بیٹھے ہوئے ہیں وہی اس گھناؤنے واقعہ کے ذمہ دار ہیں اور یہ حملہ اور گھناؤنا عمل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دو پارٹیوں میں تصادم کروا کر قیادت کوختم کرنے کا پلان بنایا گیا تاکہ ان سازشی عناصر کا راستہ صاف ہو جائے۔اس موقع پر راجہ فیصل راٹھور نے کہا کہ حویلی کے اندر گجر برادری اور راٹھور برادری کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے لیے یہ گھٹیا سازش کی گئی کیونکہ گجر برادری کے دل میں میرے لیے نرم گوشہ ہے اور گجر برادری کے متعدد زعماء میرے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ واقعہ کر کے ان کے دلوں میں میرے لیے نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی ۔چوہدری محمد عزیز خود سوچیں کہ کیا میں یا طارق سعید ان پر گولیاں برسانے کا سوچ بھی سکتے ہیں جن لوگوں نے یہ حرکت کی وہ انکی بغل میں بیٹھے ہیں ۔چوہدری محمد عزیز ہمارے سیاسی مخالف ہیں اور سیاسی مخالف کا مقابلہ سیاسی میدان میں ہی کیا جاتا ہے کشت خون،قتل و غارت گری،تشدد، تصادم اور جلاؤ گھیراؤسے نہیں۔

راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور خواجہ طارق سعید نے کہا کہ چوہدری محمد عزیز شیڈول سے ہٹ کر پلنگی کس کے کہنے پر آئے؟ جہاں پہلے ہی شیڈول کے تحت پیپلز پارٹی کی کارنر میٹنگ جاری تھی۔ اس واقعہ کا مقصد یہ تھا کہ حویلی کے اندر برادریوں کے درمیان تصادم کروا کے نفرتوں کو پروان چڑھایا جائے اور حویلی سے سیاست کے باب کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا جائے۔

اس موقع پر خواجہ طارق سعید نے کہا کہ ہمارے خلاف جن لوگوں نے ایف آئی آر کٹوائی ان کا تعلق ایک قابل احترام گھرانے سے ہے وہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ کیا یہ ایف آئی آر حقائق پر مبنی ہے جو انہوں نے درج کروائی آخر میں انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد عزیز ہمارے سیاسی حریف ہیں اور ان کے ساتھ مقابلہ سیاسی میدان میں کریں گے ۔ہماری دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں اس واقعہ پردلی طور پر صدمہ ہوا ہے جو واقعہ آج ان کے ساتھ پیش آیا یہ کل میرے اور فیصل راٹھور کے ساتھ بھی پیش آ سکتا ہے۔

ہم پر زور الفاظ میں اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ چوہدری محمد عزیز کے ساتھ جن لوگوں نے یہ گھناؤنا کھیل کھیلا ہے انہیں بے نقاب کر کے عوام کے سامنے لایا جائے گا اور نشان عبرت بنایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی ایسی گھناؤنی حرکت نہ کر سکے اور نہ کسی بھی شہری کا خون نہ بہے نہ کسی کا گھر اجڑے۔

متعلقہ عنوان :