اکیس جولائی مظفرآباد کی 50سالہ محرومیوں کے ازالے کا دن ، مظفرآباد کے عوام نے اپنے حقوق کے لیے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے، بیرسٹر افتخار گیلانی

راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں مظفرآباد اسلام آباد اور لاہور کے برابر شہر ہو گا یہاں کے ادارے اسلام آباد کی طرز پر اپ گریڈ کرینگے، شہر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئینگے، امیداور اسمبلی

اتوار 17 جولائی 2016 17:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جولائی ۔2016ء) دارالحکومت مظفرآباد کے حلقہ سے منتخب ممبر اسمبلی اور لیگی امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ اکیس جولائی مظفرآباد کی 50سالہ محرومیوں کے ازالے کا دن ہے مظفرآباد کے عوام نے اپنے حقوق کے لیے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے۔انشاء اللہ مظفرآباد کے عوام مایوس نہیں ہونگے۔

راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں مظفرآباد اسلام آباد اور لاہور کے برابر شہر ہو گا۔اور یہاں کے ادارے اسلام آباد کی طرز پر اپ گریڈ کرینگے۔جس سے شہر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئینگے۔ترقیاتی ادارہ مظفرآباد اور میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کو اسلام آباد کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔اور شہر کی تزئین وآرائش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دو ارب روپے کے پروگرام کا اججراء کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مظفرآباد شہر بلکہ پورے ڈویژن سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے شہریوں اور تاجروں کی مشاورت سے حکمت عملی طے کر رکھی ہے اس حکمت عملی کے تحت وادی نیلم میں سو میگاواٹ کے تین ہائیڈرل پراجیکٹ پنجاب حکومت تعمیر کرے گی اور اپنے اخراجات پورے کر کے یہ پراجیکٹ آزاد کشمیر حکومت کی تحویل مین دیدے جائیں گے مسلم لیگ ن کے پاس ایسی ٹیم موجود ہے جو شہری مسائل کے حل کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں شہر کے مختلف وارڈز میں کارنر میٹنگز سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کے عوام نے انتخابی مہم کے دوران جس خلوص اور محبت کا اظہار کیا ہے وہ میری سیاسی زندگی کا سرمایہ ہے۔سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ مظفرآباد شہر کے عوام کے سیاسی شعور کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔مظفرآباد کے عوام نے اب کی بار اپنا ووٹ مظفرآباد کے حق میں استعمال کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کے نتائج پوری ریاست کے الیکشن پر اثر انداز ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعوؤں اور اعلانات پر یقین نہیں رکھتے اور راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں بننے والی حکومت سب سے پہلے دارالحکومت مظفرآباد کی اتھارٹی بحال کریگی۔اور دارالحکومت کے شایان شان اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات خان کا ویژن اور خواہش کے مطابق مظفرآباد میں ترقیاتی ادارہ کو اپ گریڈ کر کے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور میونسپل کارپوریشن کو اسلام آباد کی کارپوریشن کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔

مظفرآباد میں تعلیمی بورڈ کے قیام کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کرائیں گے اورمظفرآباد میڈیکل کالج کے الحاق کا مسئلہ حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے نئے اداروں کا قیام عمل میں لایا جائیگا اور پنجاب کی طرز پر روزگار سکیمیں شروع کرینگے۔وزیراعظم ہنر مند پروگرام کے تحت ایسے فنی پروگرام شروع کیے جائیں گے جن سے نوجوان استعفادہ کر کے اندرون ملک اور بیرون ملک روزگار حاصل کر سکیں گے بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ مظفرآباد یونیورسٹی کی تمام ضروریات پوری ہونگے۔

یونیورسٹی کے اثاثوں کی منتقلی روکھیں گے وار منتقل کیے گئے اثاثے واپس لائیں گے۔مظفرآباد یونیورسٹی میں شعبہ ایجوکیشن کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔یونیورسٹی میں شعبہ ایجوکیشن کے قیام کے لیے فنڈز موجود ہیں لیکن اس شعبہ کے قیام میں ماضی میں متعصب ٹولے نے رکاؤٹیں کھڑی کیں انہوں نے کہا کہ ہماری پانچ سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے۔اپوزیشن میں رہ کر بھی مظفرآباد کی تعمیر وترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے ہماری پانچ سالہ کارکردگی کھلی کتاب کی طرح ہے ہم سے غلطی کوتاہی ہوئی ہو گی لیکن ہم نے مظفرآباد کا سودا نہیں کیا اور نہ ہی شہریوں کو کسی کے پاس گروی رکھا شہریوں کا پہلا فرض ہے کہ وہ مظفرآباد کے نام پر سیاست کرنے والوں سے اکتالیس سال کا بھی حساب لیں۔