برہان وانی تحریک آزادی کشمیر کی نئی پہچان بن چکا ، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جانا چاہئے ٗ برجیس طاہر

عوام 21 جولائی کو ڈاکٹر نجی نقی سمیت پورے کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے ٗ خطاب

پیر 18 جولائی 2016 17:12

پلندری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ برہان وانی تحریک آزادی کشمیر کی نئی پہچان بن چکا ہے، کشمیریوں کو حق دلانے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جانا چاہئے۔ وہ پیر کو پلندری میں الیکشن مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ پلندری میرا گھر ہے، یہاں پر ڈاکٹر نجیب تقی بھی رہتے ہیں وہ کوئی معمولی شخصیت نہیں، ان کے خاندان کی قربانیاں مسلم لیگ (ن) اور محمد نواز شریف کے لئے اتنی زیادہ ہیں کہ بیان نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی نے مجھے کہا کہ کشمیر اسمبلی کا ممبر ہوں لیکن حکومت کوئی فنڈز نہیں دیتی، میرے علاقے کے مسائل جوں کے توں ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں پر پاسپورٹ آفس، بائی پاس، سڑکیں اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے کئے، پلندری میرا گھر ہے، اسے مزید خوبصورت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب کی قربانیاں بہت ہیں، وہ جتنے بھی مطالبے کریں وہ پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پلندری کے باشعور عوام 21 جولائی کو ڈاکٹر نجی نقی سمیت پورے کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید پہلے بھی ہمارے پاس آ کر روتا رہا، 21 جولائی کے بعد چوہدری عبدالمجید کا ختم نہ ہونے والا رونا شروع ہو جائیگا ٗ انہوں نے کہا کہ پلندری کی خوشحالی اور ترقی کیلئے یہاں کے عوام ووٹ کے ذریعے مخالفین کو شکست سے دوچار کریں گے یہاں ہر طرف ترقی شروع ہو جائیگی ٗانہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، وہاں موٹر ویز، بجلی کے منصوبے، اچھے ہسپتال بن رہے ہیں۔

وزیراعظم کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے ٗ اب تاریخ دستک دے رہی ہے کہ پلندری کا مستقبل بھی نواز شریف کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جس طرح پاکستان کاموں کا آغاز کر رہے ہیں، اسی طرز کا ترقیاتی کام آزاد کشمیر میں کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو عظیم دیکھنا چاہتے ہیں، وقت آ گیا ہے کشمیر کے لوگ 21 جولائی کو شیر کے نشان پر مہر لگا کر کامیاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر 40 بے گناہ شہری شہید ہوئے، یو این قرارداد پر عمل نہیں ہو رہا ٗ انہوں نے کہا کہ برہان وانی تحریک آزادی کی پہچان بن چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 21 جولائی کو ووٹ ڈالنا ہے، وفاقی حکومت نے آزادانہ، شفاف، منصفانہ انتخابات کیلئے دفعہ 245 کے تحت فوج سے درخواست کی ہے ٗانہوں نے کہا کہ وہ وقت آئے گا جب پاکستان اور آزاد کشمیر میں کوئی فرق نہیں ہوگا، ہم آزاد کشمیر میں ووٹ کے ذریعے حکومت بدلنے والے ہیں۔