آزادکشمیرقانون ساز اسمبلی کے 49 رکنی ایوان کومکمل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے آخری مرحلے کے شیڈول کا اعلان کردیا

ہفتہ 23 جولائی 2016 15:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) آزادکشمیرقانون ساز اسمبلی کے 49 رکنی ایوان کومکمل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے آخری مرحلے کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔8 مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ 28 جولائی کو ہوگی۔آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے 41 انتخابی حلقوں کے نتائج کے اعلان کے بعد اب 8 مخصوص نشستوں کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔

ان نشستوں میں خواتین کی 5، ٹیکنو کریٹ، علماء مشائخ اور اوورسیز کی 1،1 نشست شامل ہے۔24 جولائی کو الیکشن کمیشن صبح 9 سے 2 بجے تک مخصوص نشستوں کیلئے نامزدگیاں جمع کرے گا۔

(جاری ہے)

25 جولائی کو نامزد امیدواروں کی سکروٹنی کی جائے گی جبکہ 26 جولائی کوان نامزدگیوں کے خلاف اپیلیں دائیرہونگی اوراسی شام ان اپیلوں پرچیف الیکشن کمشنر فیصلہ سنائیں گے۔

27 جولائی کو امیدوار اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے جبکہ ان 8 مخصوص نشستوں کیلئے ارکان کے درمیان پولنگ 28 جولائی کو ہو گی۔آزادکشمیر کے 41 منتخب ارکان اور 8 مخصوص نشستوں پرممبر اسمبلی بننے والوں کو ملا کرقانون ساز اسمبلی کا 49 کا ایوان مکمل کیا جائے گا۔ ترجمان الیکشن کمیشن طارق بٹ کے مطابق ایوان مکمل ہونے کے بعد ہی صدر آزادکشمیر نئے اسپیکر کے انتخاب کیلئے اجلاس طلب کریں گے۔