مقبوضہ کشمیر : حالیہ انتفادہ کے دوران شہداء کی تعداد 55تک پہنچ گئی

کرفیو اور دیگر پابندیوں کا نفاذ اور حریت رہنماؤں کی نظربندی بدستورجاری

اتوار 24 جولائی 2016 16:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی- 2016ء) مقبوضہ کشمیر میں سرینگرسے شائع ہونے والے اخباروں کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق حالیہ انتفادہ کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 55تک پہنچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر گولیوں ،پیلٹ اور آنسو گیس کے استعمال سے 5000سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثناء کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے وادی کشمیر میں آج سولہویں روز بھی مسلسل کرفیو اور دیگرپابندیاں عائد کررکھی ہیں۔قابض انتظامیہ نے کرفیو کانفاذ 8جولائی کوحزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ماورائے عدالت شہادت کے بعداحتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے عمل میں لایا تھا۔

(جاری ہے)

برہان وانی کی شہادت کی وجہ سے علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور بھارتی فورسز سے مظاہرین کے خلاف طاقت کاوحشیانہ استعمال کرکے اب تک 55 معصوم شہریوں کو شہید کردیا ہے۔قابض انتظامیہ نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، محمد اشرف صحرائی، نعیم احمد خان ، ظفر اکبر بٹ، مختار احمد وازہ، جاوید احمد میر، بلال صدیقی، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ اور ایاز اکبر کواحتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لیے گھروں یا پولیس تھانوں میں نظربند رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :