مقبوضہ کشمیر میں مسلسل اٹھارہویں روز بھی کرفیو جاری ،حریت رہنماء نظربند

منگل 26 جولائی 2016 15:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاری قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے وادی کشمیرمیں منگل کو مسلسل اٹھارہویں روز بھی مسلسل کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری رکھیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتظامیہ نے آٹھ جولائی کو بھارتی فوجیوں کی طرف سے مجاہد کمانڈر برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد مقبوضہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

برہان وانی کے قتل کے بعد شروع ہونیوالے انتفادہ کے دوران پرامن مظاہرین پر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گولیاں، پیلٹ گن اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال سے اب تک 56کشمیری شہید اور پانچ ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی ، محمد اشرف صحرائی، نعیم احمد خان، ظفر اکبر بٹ، مختار احمد وازہ ،جاوید احمد میر، بلال صدیقی، الطاف احمد شاہ،پیر سیف اللہ اور ایاز اکبر کو احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے سے روکنے کیلئے گھروں یا تھانوں میں مسلسل نظربند کررکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :