کشمیر ی اتحاد کے ساتھ بھارتی قبضے کے خلاف لڑ رہے ہیں۔۔۔ یاسین ملک

جمعرات 28 جولائی 2016 13:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جولائی۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے نہتے کشمیریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔ محمد یاسین ملک نے جیل سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشتواڑ سے پونچھ اور اوڑی سے اسلام آباد تک کشمیری متحد ہیں اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف عزم و ہمت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کولگام چلو مارچ پر پابندی اور سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کی گرفتار ی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے آزادی پسند قیادت کے حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیری پرامن طریقے سے تحریک آزادی کو آگے بڑھا رہے ہیں لیکن بھارتی فورسز ان کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہیں جو نام نہاد بھارتی جمہوریت پر ایک بدنما دھبہ ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ محمد یاسین ملک مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور انہیں گزشتہ انیس روز کے دوران ڈاکٹر کے پاس نہیں لے جایا گیا اور نہ ہی عدالت میں پیش کیا گیا جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

متعلقہ عنوان :