جموں کشمیر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا اتحاد کھٹائی میں پڑھ گیا

سردار خالد ابراہیم نے اتحاد ختم کرنے کیلئے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر دی

جمعہ 29 جولائی 2016 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جولائی۔2016ء) جموں کشمیر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا اتحاد کھٹائی میں پڑھ گیا ،جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم نے مسلم لیگ سے اتحاد ختم کرنے کے لیے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکند ر حیات کی جانب سے سردار خالد ابراہیم پر تنقید کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد خطرے میں پڑھ گیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ سردار خالد ابراہیم خواتین کی مخصوص نشست نہ ملنے اور مرکزی قیادت کی جانب سے حکومت سازی کے مرحلے میں شامل نہ کرنے پر ن لیگ سے سخت مایوس ہیں اور انہوں نے ن لیگ سے اتحاد ختم کرنے کے لیے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے خواتین کی مخصوص نشست پر جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی ووٹ ڈالنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن مسلم لیگ آزاد کشمیر کی قیادت نے آخری موقع پر پیپلزپارٹی سے معاملات طے کر کے پیپلزپارٹی کی امیدوار کو ووٹ ڈلوا لیے اور غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جموں کشمیر پیپلزپارٹی کو صرف ایک ووٹ ملا ہے جو جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم کا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم کانفرنس نے جموں کشمیر پیپلزپارٹی سے کے سربراہ سے رابطے بھی شروع کر دیئے ہیں اور انہیں اپوزیشن میں بیٹھنے بارے پیغام بھجوا دیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق سردار خالد ابراہیم ن لیگ کی جانب سے آئندہ دنوں میں صدر نامزد نہ ہونے پر مسلم لیگ ن سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کردیں گے۔۔