الیکشن2018 تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیںگے۔محمد نوازشریف

حکومت بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلیے متبادل ذرائع بروئے کارلارہی ہے،بجلی کی کمی نے گھریلو اور صنعتی صارفین کو کئی سال تک متاثر کیا،وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس۔۔وزیرا عظم سے نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ کی ملاقات،پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امورپرتبادلہ خیال،وزیراعظم نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی فوری مدد کرنےکا حکم بھی دیا،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ترکی کے ساتھ ہے۔نواز شریف کی ترک وزیرخارجہ سے ملاقات میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 2 اگست 2016 15:03

الیکشن2018 تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیںگے۔محمد نوازشریف

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اگست2016ء) :وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن2018 تک ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیںگے،حکومت بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلیے متبادل ذرائع بروئے کارلارہی ہے،بجلی کی کمی نے گھریلو اور صنعتی صارفین کو کئی سال تک متاثر کیا۔انہوں نے توانائی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے توانائی منصوبوں پر عملدرآمد میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے توانائی منصوبوں پر کام کی رفتار پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آیند ہے کہ توانائی منصوبے کفایت شعاری پر مبنی ہیں۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سی پیک کے زیرانتظام توانائی منصوبوں پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات اور انہیں تنخواہیں نہ ملنے سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کو ان کی مدد کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مشکلات کا شکار تمام پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور سفارتخانے میں خصوصی مرکز قائم کیا جائے۔ دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ ہم وطنوں کی مشکلات دور کرنے کیلئے کام کررہا ہے جبکہ سفارتکاروں نے ان سے بات بھی کی ہے اور مسائل بھی معلوم کئے ہیں، وزیر اعظم کے نوٹس پر پاکستانی شہریوں کے واجبات بھی جلد ہی مل جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لئے خصوصی سیل بنادیا گیا ہے اور مشکلات سے دوچار پاکستانی سیل سے رابطہ کرسکیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم محمد نوازشریف سے نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ نے ملاقات کی،جس میں نیول چیف نے پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور پر وزیراعظم کو تفصیلی آگاہ کیا۔ملاقات میں نیول چیف نے پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور پر بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے ملکی سمندری حدود کی حفاظت میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کے دفاع کیلئے صلاحیت اہمیت کی حامل ہے اور حکومت پاک نیوی کی تمام ضروریات پوری کریگی،انہوں نے مزید کہا کہ سرحدوں میں بحریہ کا کردار قابل تحسین ہے۔ایڈمرل ذکاء اللہ نے کہا کہ میری ٹائم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے لیس ہے اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ملک کو ہر بحری بحران سے بچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔بعدازاں وزیراعظم نوازشریف نے جمہوریت کے خلاف بغاوت ناکام بنانے پر ترک قیادت اورعوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ترکی کے ساتھ ہے،آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے انتہائی مثبت نتائج نکلے ہیں،دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں ہمارے عزم کو عالمی برادری نے سراہا ہے۔

وہ منگل کو ترک وزیرخارجہ میولت چاوش اوغلو سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مذاہب اور ثقافت پر مبنی گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں،دونوں ملکوں کو دوطرفہ تعلقات مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے اتاترک ایئرپورٹ پر دہشتگرد حملے میں قمیتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ترکی کے ساتھ ہے،پاکستان بھی دہشتگردی سے بری طرح متاثر ہوا ہے،آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے انتہائی مثبت نتائج نکلے ہیں،دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں ہمارے عزم کو عالمی برادری نے سراہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اعلیٰ سطح تزویراتی تعاون کونسل کا دوطرفہ تعلقات میں اہم کردار ہے،تزویراتی کونسل مضبوط تعلقات کی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے ترکی کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔وزیراعظم نے جمہوریت کے خلاف بغاوت ناکام بنانے پر ترک عوام اور قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے ترک وزیرخارجہ میولت چاوش اوغلو نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے واضح اور شدید الفاظ میں ترکی میں بغاوت کی مذمت کی،یکجہتی کے اظہار پرپاکستانی قیادت اور عوام کے انتہائی مشکور ہیں،پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔