بانڈی پورہ میں بھارتی فوجی افسر کی دہشت گردی کے خلاف لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے ‘ بھارت کے خلاف اورآزادی کے حق میں نعرہ بازی کررہے تھے

منگل 2 اگست 2016 16:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اگست ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے لوگوں نے بھارتی فوج کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے میجر رگھو نامی افسرنے معصوم شہریوں کوظلم و تشدد کا نشانہ بناکر ضلع میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کررکھا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق علاقے کے لوگوں نے بانڈی پورہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے مذکورہ افسر کے خلاف فوری طور پرمقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ بھارت کے خلاف اورآزادی کے حق میں نعرہ بازی کررہے تھے ۔ مظاہرین نے ایک زخمی شخص کوچارپائی پر اٹھا رکھا تھا جس کو مذکورہ فوجی افسرنے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کہا کہ گزشتہ روز مذکورہ افسر اپنے اہلکاروں کے ساتھ لوگوں کے گھروں میں داخل ہوا اور تقریباً200مکانات کے شیشے توڑدیے اورمکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ خواتین کو بھی نہیں بخشاگیا۔

احتجاج میں شامل زخمی شخص الطاف احمد کی اہلیہ نے کہا کہ فوجی افسران کے گھر میں داخل ہوتے ہی الطاف پر ٹوٹ پڑا اور جب میں نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی تو مجھ پر بھی تشدد کیا۔ثناء اللہ نامی شخص نے کہا کہ بھارتی فوج کے اس افسر نے گھروں میں توڑ پھوڑ کے علاوہ مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے اس افسر نے گزشتہ20روز سے بانڈی پورہ کے بیشتر علاقوں میں دہشت مچا رکھی ہے اور وہ اپنے اہلکاروں کے ساتھ گھروں میں داخل ہوکرتوڑ پھوڑ کرکے چلا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوجی افسر کے ہاتھوں میں کرکٹ بیٹ ہوتا ہے جس سے وہ سامنے آنے والی ہر چیز کو نشانہ بناتا ہے

متعلقہ عنوان :