بانڈی پورہ اور بیروہ میں بھارتی فورسز ،نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں، متعدد زخمی

پیر 15 اگست 2016 16:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اگست ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے ناتھ پورہ اور ضلع بڈگام کے علاقے آری پانتھن بیروہ میں آج بھارتی فورسز اورنوجوانوں کے درمیان شدیدجھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں کئی نوجوان زخمی ہوگئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ناتھ پورہ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کرفیو اور پابندیاں توڑتے ہوئے گھر وں سے باہر آئی اورمقبوضہ علاقے میں بھارت کا یوم آزادی منانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے۔ یہ علاقہ پولیس لائنز کے قریب ہے جہاں بھارتی یوم آزادی کی تقریب منعقد ہورہی ہے۔ حریت رہنماؤں نے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے۔دریں اثناء ضلع بڈگام کے علاقے بیروہ میں بھارتی فورسز نے پرامن مظاہرین پر پیلٹ گن سے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے پھینکے جس سے کم از کم بارہ افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو افرادعادل احمد اور غلام محمد بٹ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور انہیں سرینگر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں بھارتی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔

متعلقہ عنوان :